دنیا و آخرت میں کامیابی کیلئے حضور پاکؐ کی تعلیمات اپنانا ہونگی،پروفیسر نیاز

  دنیا و آخرت میں کامیابی کیلئے حضور پاکؐ کی تعلیمات اپنانا ہونگی،پروفیسر ...

  



لاہور (لیڈی رپورٹر) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیازا حمد اختر نے کہا کہ نبی کریم ؐ کی تعلیمات کو زندگی میں عملی طور پر اپنا کر ہی دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی کلیہ علوم اسلامیہ کے زیر اہتمام ’سیرت طیبہ اور عصری سماجی تحدیات‘ کے موضوع پر شیخ زائد اسلامک سنٹر کے آڈیٹوریم میں منعقد ہ سالانہ سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈین کلیہ علوم اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر محمد حماد لکھوی، ڈائریکٹر ادارہ علوم اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر محمد سعد صدیقی،ڈائریکٹر شیخ زائد اسلامک سنٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد اعجاز، ڈاکٹر حافظ محمد عبد اللہ، فیکلٹی ممبران اور طلباؤ طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ اللہ اور خود کو نہ پہچاننا آج ہماری ناکامیوں کی بڑی وجوہات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اتنی بڑی کائنات بے معنی پیدا نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ دین اسلام کو بہترین مذہب قراردیتا ہے اور ہمیں بھی اپنی زندگی اسلامی شعار کے مطابق گزارنی چاہیے۔وائس چانسلر نے کہا کہ نبی کریم ﷺ ہمارے لئے مثالی شخصیت ہیں جن کی تعلیمات سب کو سکھانے کی ضرورت ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر حماد لکھوی نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ یہی ہے کہ ہمیں اپنے اصلی مسائل کا پتاہی نہیں۔انہوں نے کہاکہ جہالت، مسائل کے حل کیلئے مغرب کی جانب رخ کرنا، ایسے نام نہاد سکالرزجو دین اسلام کی غلط تشریح کر کے ہر چیز جائز قرار دیتے ہیں اور تشدد پسند اسلام کے نظریے کو فروغ دینے والے چاراسباب ہماری فکر کو گہنارہے ہیں۔ ڈاکٹر سعد صدیقی نے کہا کہ معاشرے میں ہر سطح پر انصاف قائم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے رویوں پر غور کئے بغیر ہی غلطیوں کا ذمہ دوسروں پر ڈال دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نبی کریم ﷺ کے قائم کردہ سماجی انصاف کے نظام سے خود کو بہت دور رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں لازمی طور پر نبی کریم ﷺ کی حیات طیبہ کا مطالعہ کرنا چاہیے۔ پنجاب یونیورسٹی لائبریری کے زیر اہتمام سیرت النبی ﷺ پر منعقدہ تین روزہ کتابوں کی نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے کہا کہ آپ ﷺ کی تعلمیات پر عمل پیرا ہو کر ہم تمام مصائب سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں علم کے فروغ میں لائبیریریاں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔ اس موقع پر چیف لائبریرین ڈاکٹر محمد ہارون عثمانی،فیکلٹی ممبران، لائبریرینز، ملازمین اور طلباوء طالبات نے شرکت کی جبکہ پنجاب یونیورسٹی سنٹر فار کول ٹیکنالوجی میں سیرت النبی ﷺ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین شعبہ اردوپروفیسر ڈاکٹر زاہد منیر عامر نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی ذات مبارکہ پورے عالم کیلئے باعث رحمت ہے۔سیمینار میں ڈائریکٹر سنٹر فار کول ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر محمود سلیم فیکلٹی ممبران اور طلباؤ طالبات نے شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1