برنگ کو سوات موٹروے سے منسلک، ہیلتھ اور ایجوکیشن سہولیات اپ گریڈ کرینگے، محمود خان

برنگ کو سوات موٹروے سے منسلک، ہیلتھ اور ایجوکیشن سہولیات اپ گریڈ کرینگے، ...

  



باجوڑ(نمائندہ پاکستان) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان قبائلی علاقوں کے ترقی میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اور خیبر پختونخواہ میں وزیر اعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کا آغاز قبائلی ضلع باجوڑ سے کیا جارہاہے۔ باجوڑ کو سوات موٹر وے سے منسلک کیا جائیگا اور برنگ کے مقام پر پہاڑی میں ٹنل بھی کرینگے۔ خیبر پختونخواہ کے جو پالیساں ہیں وہ قبائلی اضلاع میں بھی نافذ ہونگے بشمول ریشنلائزیشن پالیسی کے جبکہ اس کے علاوہ ہیلتھ اور ایجوکیشن کے جتنے بھی سکیمیں ہیں وہ اپ گریڈ کئے جائیں گے جبکہ ہر سال قبائلی اضلاع کی ترقی پر 100ارب روپے خرچ ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ محمود خان نے اپنے ایک روزہ دورہ باجوڑ کے موقع پر سول کالونی خار میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے صوبائی وزیر لائیوسٹاک و زراعت محب اللہ خان، سوات ڈیڈک کمیٹی کے چیئرمین رکن صوبائی اسمبلی فضل حکیم خان،رکن قومی اسمبلی گل ظفر خان باغی، رکن قومی اسمبلی گلداد خان، رکن صوبائی اسمبلی انورزیب خان، رکن صوبائی اسمبلی انجنیئر اجمل خان سے خطاب کیا۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے اپنے ایک روزہ دورہ باجوڑ کے موقع پر وزیر اعظم کے قومی زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت زیتون کی کاشت اور تیل حاصل کرنے کے پلانٹ، گھریلوں مرغبانی کی تقسیم، کسانوں میں گندم کے بیچ کی تقسیم، محکمہ لائیو سٹاک کے اہکاروں میں موٹر سائیکل کی تقسیم اور ڈیری فارم سے منسلک ذمینداروں میں چللرز کی تقسیم کے عمل کا افتتاح کردیا۔ وزیر اعلیٰ محمود خان نے مزید کہا کہ ملک کو اندرونی اوربیرونی مسائل کا سامناہے، 25 جولائی کو کامیاب الیکشن کا انعقاد ہوا ہے۔ اور پی ٹی آئی پر ہمیں مکمل اعتماد ہے، انشاء اللہ ان تمام چیلنجز کا مقابلہ عمران خان کررہاہے، انشاء اللہ عمران خان اس ملک کو اٹھائے گا اور مسائل سے چھٹکارا دلائیں گے، وزیراعظم نے قبائلی علاقوں کی ترقی پرخاص توجہ دینے کی ہدایت کی ہے۔ لیویز و خاصہ دار کا مسئلہ حل کیا ہے۔ یہ اب پولیس کا حصہ ہے۔ جو وعدہ لیویز خاصہ دار کیساتھ ہواہے وہ پورا ہوگا، 20 خاصہ دار جو نوکری سے برخاست ہوئے تھے کے بحالی کا اعلان کرتا ہوں،برنگ ٹنل کا وعدہ کیا تھا اور اس وعدے کو عملی جامہ پہنائیں گے۔ برنگ کو سوات موٹر وے سے منسلک کرینگے، ہیلتھ اور ایجوکیشن سہولیات اپ گریڈ کرینگے، اگر ٹیکنیکل کالج میں مزید جگہ ہو تو ٹیکنیکل یونیورسٹی بنائیں گے،معدنیات کیلیے لیز مقامی لوگوں کو ملے گا۔

مزید : صفحہ اول