سری لنکا نے میچ فکس کرنے والوں کیخلاف سزا ’فکس‘ کردی،پورے جنوبی ایشیا میں مثال قائم

سری لنکا نے میچ فکس کرنے والوں کیخلاف سزا ’فکس‘ کردی،پورے جنوبی ایشیا میں ...
سری لنکا نے میچ فکس کرنے والوں کیخلاف سزا ’فکس‘ کردی،پورے جنوبی ایشیا میں مثال قائم

  



کولمبو(ڈیلی پاکستان آن لائن)سری لنکاکی پارلیمنٹ نے اسپاٹ فکسنگ اور کھیلوں سے متعلق دیگر جرائم پر سخت سزاوں کی تجاویز منظورکرتے ہوئے بل  کو باضابطہ منظوری دے دی  ہے۔ بل کی منظوری کے بعد سری لنکا مثال قائم کرتے ہوئے جنوبی ایشیا میں سپورٹس کرپشن کو قابل سزا جرم قراردینے والا پہلا ملک بن گیاہے۔کرک انفوکے مطابق اسپاٹ فکسنگ یا سپورٹس سے متعلق کرپشن کے دیگر جرائم پر دس سال قید اور متعدد جرمانے کئے جاسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل سری لنکن حکومت نے کرکٹ کو بدعنوانی سے پاک کرنے کیلئے اہم اقدامات اٹھانے کااعلان کیاتھا۔بڑھتی ہوئی اسپورٹس کرپشن پر پارلیمنٹ میں خصوصی  بحث ہوئی تھی جس میں کھلاڑیوں کو کرپشن کرنے پر سخت سزاؤں کی تجاویز دینے کا فیصلہ کیاگیا۔کرک بزکی رپورٹ کے مطابق پارلیمنٹ میں اسپورٹس کرپشن پر دس سال قید جبکہ پانچ لاکھ جرمانے کی تجویز دی گئی تھی جبکہ سری لنکن حکام نے میچ کا نتیجہ بدلنے یا اس پرتاثرانداز ہونے پربھی سزا کی تجویزدی  تھی۔

یادرہے کہ گزشتہ برس سری لنکا کے فاسٹ باولر دلہارا لوکھوٹیگ کو 2017میں ایک محدود اوورز کی سیریز میں کرپشن پر معطل کردیا گیاتھا۔وہ آئی سی سی کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے تیسرے سری لنکن کھلاڑی ہیں۔ان سے پہلےسابق سری لنکن کپتان سینتھ جے سوریا اور نووان زوئیسا پر بھی کرپشن کے حوالے سے الزامات ثابت ہوچکے ہیں جن کی وجہ سے جے سوریاکو کرپشن کے خلاف تحقیقات میں تعاون نہ کرنے پر دوسال کی جبکہ زوئیسا کو میچ فکسنگ کی وجہ سے پابندی کا سامنا کرنا پڑاہے۔سری لنکن وزیر کھیل کہتے ہیں کہ کھیلوں میں نچلی سطح سے اوپر تک ہر قسم کی کرپشن کا قلع قمع کیاجائے گا۔

مزید : کھیل