نواز شریف کوحکومت کی اس آفر سے فائدہ اٹھانا چاہئے ،شیخ رشید کا مشورہ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے کہاہے کہ ہمارے سیاستدان چھوٹی چھوٹی باتوں کو انا کا مسئلہ بنالیتے ہیں،نواز شریف کوحکومت کی اس آفر سے فائدہ اٹھانا چاہئے ۔
ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ حکومت نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے حوالے سے کھلے دل سے فیصلہ کیاہے اور اب اگر ن لیگ کی طرف سے اس کوایشو بنایا جارہاہے تو میں کچھ نہیں کہہ سکتا ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاستدان چھوٹی چھوٹی باتوں کو انا کا مسئلہ بنالیتے ہیں،نواز شریف کوحکومت کی اس آفر سے فائدہ اٹھانا چاہئے ۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکومت کوئی ان سے وصولی تو نہیں کررہی ہے بلکہ ان سے تو ضمانت لی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے احتساب کے حوالے سے بڑے سخت بیانات دیئے ہیں اور اب نواز شریف کیلئے اتنی بڑی رعایت کی ہے تو نواز شریف کواس سے فائدہ اٹھاناچاہئے ۔