مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ ختم کرنے کا اعلان کردیا

مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ ختم کرنے کا اعلان کردیا
مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ ختم کرنے کا اعلان کردیا

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )جمعیت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ ختم کرنے کا اعلان کردیا ۔ان کا کہنا ہے کہ آج ہم یہاں سے روانہ ہونگے ،آزادی مارچ کے دوسرے مرحلے میں اتنا دباو ڈالیں گے کہ حکومت گرا دیں گے ۔اسلام آباد میں آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری حوصلہ شکنی کی کوشش کی جاتی ہے ،ایسے افراد سے کہہ دو کہ نہ تو ہم ان کا نام لے کر آئے اور نہ ہی ان کا سہارا لیا ،ہم اللہ پر بھروسہ کر کے جس طرح یہاں آئے اسی طرح اپنے اضلاع میں جا کر آزادی مارچ کے دوسرے مرحلے کا آغاز کریں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ حکومتی حلقے اس بات سے پریشان ہیں کہ اب ہر ضلع میں میں مصیبت دروازوں پر دستخط دے گی ۔مولانا فضل الرحما ن نے کہا کہ ہم نے پر امن دھرنا دیا ،دنیا نے تسلیم کر لیا کہ ہم کتنے پر امن اور منظم ہیں ،اب دوسرے محاذ پر بھی پر امن رہنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جس طرح مجھے اپنے کارکنوں کی زندگی عزیز ہے اسی طرح پولیس ،رینجرز ،ایف سی اور فوجی کا خون بھی عزیز ہے ۔جمعیت علما اسلام ف کے سربراہ نے کہا کہ ادارے بھی اس مارچ کی حمایت ،تائید ،قدر اور احترام کریں ،ہم سب کی جنگ لڑ رہے ہیں ،ہم قوم کو بین الاقوامی دباو سے نکالنا چاہتے ہیں ۔

مزید : اہم خبریں /قومی