حکومت اپنی ناکامی چھپانے کیلئے انتقامی سیاست کی آڑ میں خود کو چھپا رہی ہے: احسن اقبال

حکومت اپنی ناکامی چھپانے کیلئے انتقامی سیاست کی آڑ میں خود کو چھپا رہی ہے: ...
حکومت اپنی ناکامی چھپانے کیلئے انتقامی سیاست کی آڑ میں خود کو چھپا رہی ہے: احسن اقبال

  



جدہ (محمد اکرم اسد) مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت اپنی ناکامی چھپانے کیلئے انتقامی سیاست کی آڑ میں خود کو چھپا رہی ہے، اس وقت نواز شریف کی صحت کے ساتھ اسی طرح سیاست کی جارہی ہے جیسے بیگم کلثوم نواز کی بیماری کی حالت میں  سیاست کی تھی، جبکہ حکومت کے اپنے مقرر کردہ میڈیکل ٹیم نے میاں نواز شریف کی صحت انتہائی مخدوش قرار دیا ہے ایسی صورت میں کوئی اخلاقی جواز نہیں کہ ان کو بیرون ملک علاج کیلئے جانے سے روکے، لیکن حکومت  ہٹ دھڑمی اور انتقامی سیاست  کرنے میں مصروف ہے وہ جدہ میں اپنے مختصر قیام کے دوران یہاں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ہم آزادی مارچ کی مکمل حمایت کرتے ہیں جس کا 4 نکاتی ایجنڈا ہے کہ عمران خان مستعفی ہوں، ملک میں فوری دوبارہ شفاف الیکشن ہو، الیکشن میں کوئی مداخلت  نہ ہو اور پاکستانی آئین کی بالادستی کو تسلیم کیا جانا چاہیے. احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو سلیکٹیڈ کی بجائے الیکٹڈ حکومت چاہیے تاکہ ملک کو مسائل سے نکالا جا سکے .ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ  پی ٹی آئی  کی حکومت نے  14 ماہ کے دوران عوام کو دھوکہ دیا ہے اور کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا انہوں نے کہا کہ ایک سال کے دوران پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح ساڑھے 3 فیصد گرچکی ہے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ملک کی صنعتیں تنزلی کا شکار ہیں، بیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے اور غلط معاشی پالیسی کی وجہہ سے  کارخانے بند ہورہے ہیں  افراط زر کی شرح ہرطبقہ کو متاثر کررہی ہے . انہوں نے کہا کہ حکومت نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا قرضہ عالمی بینک سے لئے ہیں جبکہ مسلم لیگ  کی حکومت نے 5 برسوں میں10ہزار ارب کا قرضہ لیا جس کے نتیجے  میں 1200میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگے، 2000 کلومیٹر موٹروے بنی اور سی پیک جیسا منصوبہ زمین پہ کھڑا ہوا، گوادر پورٹ پر کام ہوا لیکن پی ٹی آئی حکومت نے  14 ماہ میں ہمارے 5 سالوں کے برابر قرضہ لیا اور ایک اینٹ بھی نہیں لگایا.

مزید : عرب دنیا