کینسر کے مریض ریٹائرڈ فوجی اہلکار کی زمین پر قبضہ ،جنرل باجوہ سے قبضہ مافیہ کے خلاف کارروائی کی درخواست کردی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )قبضہ گروپ نے کینسر کے مریض ریٹائرڈ فوجی اہلکار اللہ دتہ کے پلاٹ پر قبضہ کر لیا ۔ڈیلی پاکستان سے خصوصی گفتگو میں اللہ دتہ نے بتا یا کہ میں السر کے کینسر کی آخری سٹیج کا مریض ہوں ۔میں نے ریٹائرہونے کے بعد چڑانوالہ میں 14مرلے جگہ لی تھی جہاں پر محمد فیاض نامی شخص نے اپنے بھانجوں کے ساتھ مل کر قبضہ کر لیا ۔اللہ دتہ نے بتا یا کہ میری کوئی اولاد نہیں ہے ،گھر میں میں اور میری بیوی رہتے ہیں ،میں کینسر کے مرض سے لڑ رہا ہوں ۔ان کا کہنا تھا کہ ایک دفعہ میں ہسپتال میں تھا اور میری بیوی اکیلی گھر میں تھی ،اس دوران محمد فیاض کے بھانجوں نے میرے گھر داخل ہونے کی کوشش کی ،جب بیوی نے اندر سے پوچھا کہ کون ہو تو انہوں نے گھر کے اندر فائرنگ شروع کردی جس کے نشان میرے گھر کے دروازوں ،کھڑکیوں اور دروازے پر دیکھے جا سکتے ہیں ۔اللہ دتہ نے بتا یا کہ فیاض کا پلاٹ میری زمین کے ساتھ ہے ،اس نے پہلے مجھ سے زمین خریدنے کی پیشکش کی لیکن میں نے انکار کردیا تو پھر مجھے دھمکیاں دیں ۔اس صورتحال پر فوج سے رابطہ کرنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ میں بیمار ہوں اور مجھے ان کے پاس لے کر جانے والا کوئی بھی نہیں ہے ،میں جنرل باجوہ سے درخواست کرتا ہوں کہ قبضہ گروپ کے خلاف کارروائی کی جائے ۔