لگتاہے نواز شریف واپس نہیں آئیں گے ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ لیگی قیادت نوازشریف کی صحت کو سیاسی مسئلہ نہ بنائے، اگر انہیں حکومتی فیصلہ قبول نہیں تو عدالت جائیں،رویے سے لگتاہے کہ نوازشریف واپس نہیں آئیں گے۔
دنیانیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ حکومت نوازشریف کی صحت کیلئے دعاگو ہے۔ نوازشریف ایک کیس میں سزایافتہ ہیں۔جائزہ لینے کے بعدکابینہ نے بیرون ملک جانےکی تجویز دی۔لیگی قیادت نوازشریف کی صحت کو سیاسی مسئلہ نہ بنائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بیرون ملک علاج میں کوئی رکاوٹ نہیںہے۔ کسی سزایافتہ شخصیت کے بیرون ملک جانےکی مثال نہیں ملتی۔ قانونی پہلووں کاجائزہ لے کر نواز شریف کو علاج کیلئے باہر جانے کی اجازت دینے کافیصلہ کیاگیا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ن لیگی قیادت کو انا کا مسئلہ نہیں بناناچاہئے، نوازشریف صاحب ثروت ہیں، رویے سے لگتاہے کہ نوازشریف واپس نہیں آئیں گے۔اگر انہیں حکومتی فیصلہ قبول نہیں تو عدالت جائیں۔