’’یہ کام بند کر دو اس سے ملک کی بدنامی ہو رہی ہے‘‘ فضائی آلودگی کا ڈیٹا دینے والی ویب سائٹ کے مالک سے حکومت کی فرمائش

’’یہ کام بند کر دو اس سے ملک کی بدنامی ہو رہی ہے‘‘ فضائی آلودگی کا ڈیٹا ...
’’یہ کام بند کر دو اس سے ملک کی بدنامی ہو رہی ہے‘‘ فضائی آلودگی کا ڈیٹا دینے والی ویب سائٹ کے مالک سے حکومت کی فرمائش
سورس: Twitter

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کی حکومت نے جس پرجوش طریقے سے شجرکاری مہم شروع کی اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے، ان کی عالمی سطح پر ستائش کی گئی لیکن ان اقدامات پنجاب حکومت کیا حصہ ڈال رہی ہے، اس کا پول ماحولیاتی آلودگی کا ڈیٹا فراہم کرنے والی ایک ویب سائٹ کے مالک نے کھول دیا ہے۔ ویب سائٹ کے مالک جیرمی ہگز (Jeremy Higgs)نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر ویب سائٹ کا ایک سکرین شاٹ شیئر کیا ہے جس میں دنیا کے چند سب سے زیادہ آلودہ شہروں کی فہرست دکھائی گئی ہے۔
جیرمی ہگز نے اس سکرین شاٹ کے ساتھ لکھا ہے کہ ’’میری ابھی ایک آدمی سے ملاقات ہوئی ہے جسے پنجاب حکومت کے کئی نمائندوں نے کہا تھا کہ وہ مجھے ویب سائٹ سے لاہور اور پنجاب کے دیگر شہروں کا ماحولیاتی آلودگی کا ڈیٹا ہٹانے کو کہیں کیونکہ اس سے ملک کی بدنامی ہو رہی ہے۔‘‘جیرمی ہگز نے جو فہرست شیئر کی اس میں لاہور 235پوائنٹس کے ساتھ سب سے زیادہ آلودہ شہر تھا۔ دوسرے نمبر پر 193پوائنٹس کے ساتھ کراچی، تیسرے نمبر پر181پوائنٹس کے ساتھ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی، چوتھے نمبر پر162پوائنٹس کے ساتھ کرغزستان کا شہر بشکیک اور پانچویں نمبر پر 161پوائنٹس کے ساتھ چین کا شہر شینگ ڈو دنیا کا سب سے آلودہ شہر دکھایا گیا تھا۔
جیرمی ہگز کی اس ٹویٹ پر پاکستانی ٹوئٹر صارفین بھی جوابی ٹویٹس میں حکومت کو کھری کھری سناتے نظر آ رہے ہیں۔ اسد نامی صارف نے لکھا ہے کہ پاکستان میں ان دنوں ایسی حکومت ہے جو آزادی اظہار رائے کو دبانے کی ہرممکن کوشش کر رہی ہے۔ وہ ہر اس چیز کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے جسے وہ پسند نہیں کرتی۔‘‘ایک صارف نے لکھا ہے کہ ’’چلیں ماحولیاتی آلودگی کی طرف سے بھی آنکھیں بند کر لیں، اس طرح یہ مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔‘‘

مزید :

ماحولیات -