اپوزیشن تھکے ہوئے پہلوانوں پر مشتمل ہے ،انہیں طاقت کی گولیاں چاہئیں : فواد چوہدری
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ساری اپوزیشن تھکے ہوئے پہلوانوں پر مشتمل ہے، ان کو طاقت کی گولیاں چاہئیں، یہ کھڑے ہوتے ہیں پھر گر جاتے ہیں۔
تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ اپوزیشن بھان متی کا کنبہ ہے، ان کے پاس کوئی لیڈر نہیں، یہ سب ایک دوسرے کا سہارا لے کر کھڑے ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کور کمیٹی نے وزیراعظم کی مختصر نوٹس پر سپریم کورٹ میں پیشی کو سراہا، نواز شریف کو جب سپریم کورٹ طلب کیا گیا تھا وہ جھتے کے ساتھ گئے۔ان کا کہنا تھاکہ اپوزیشن کہتی ہے کہ پیٹرول مہنگا ہوگیا ہے لیکن پیٹرول کی کھپت پچھلے ایک سال میں 26 فیصد بڑھ چکی ہے، آپ کہتے ہیں بجلی مہنگی ہوگئی ہے لیکن بجلی کی کھپت 13 فیصد بڑھی ہے۔