سی سی پی او کا سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے رائے ونڈ مرکز کا دورہ
لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی فیاض احمد دیو نے رائیونڈ تبلیغی اجتماع کے دوسرے مرحلے کے موقع پر سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے رائے ونڈ مرکز کا دورہ کیا ایس ایس پی آپریشنز مستنصر فیروز،ایس پی صدر حفیظ الرحمنٰ بگٹی اور دیگر سینئر پولیس افسران ہمراہ تھے سی سی پی او لاہور فیاض احمد دیو نے مرکزی کنٹرول روم،تبلیغی اجتماع کے مختلف پنڈال، سکیورٹی پوائنٹس،عارضی خیمہ بستیوں،پارکنگ سٹینڈز و متصل مقامات پر لاہور پولیس کے سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ایس ایس پی آپریشنز مستنصر فیروز نے سی سی پی او لاہور فیاض احمد دیو کو سکیورٹی انتظامات بارے تفصیلی بریفنگ دی فیاض احمد دیو نے اجتماع منتظمین سے بھی ملاقات کی اور انتظامات بارے استفسار کیا۔ایڈیشنل آئی جی فیاض احمد دیو نے منتظین کو یقین دلایا کہ لاہور پولیس رائیونڈ تبلیغی اجتماع کے شرکا کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے سی سی پی او نے کہا ہے کہ عالمی رائیونڈ اجتماع کے شرکا کی سکیورٹی لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
لاہور پولیس نے اجتماع کے آرگنائزرز، ضلعی انتظامیہ اور دیگر الائیڈ محکموں کے اشتراک سے بہترین سکیورٹی پلان تشکیل دیا ہے جس کے تحت 03 ڈویعنل ایس پیز کی زیر نگرانی 09 ایس ڈی پی اوز اور27 ایس ایچ اوز سمیت02 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایس پی ڈولفن سکواڈ کی زیر نگرانی پولیس ریسپانس یونٹ اور ڈولفن سکواڈ کی ٹیمیں بھی مسلسل اور موثر پٹرولنگ کر رہی ہیں۔سی سی پی او لاہور فیاض احمد دیو نے کہا کہ رائیونڈ اجتماع کے دوسرے مرحلے میں بھی سات سو سے زائد ٹریفک اہلکار بھی تعینات کئے گئے ہیں جبکہ شرکا کی گاڑیوں کے لئے مختلف مقامات پر 07 پارکنگ اسٹینڈ بنائے گئے ہیں جہاں 05 بریک ڈاؤن اور 20 فوک لفٹرز بھی تعینات ہیں۔فیاض نے مزید کہا کہ اجتماع کے اطراف اور پارکنگ اسٹینڈز پر اینٹی وہیکلز لفٹنگ کا سٹاف بھی تعینات ہوگا جو وہیکلز چوری روکنے کے اقدامات کرے گا۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کے پیش نظر رائے ونڈ اور ملحقہ آبادیوں میں گذشتہ کئی روز سے سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری ہیں۔فیاض احمد دیو نے کہا کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹیز اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے نصب کئے گئے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے اجتماع کے داخلی و خارجی راستوں،پنڈال اور پارکنگ سٹینڈز سمیت اہم مقامات پر ہونے والی تمام سرگرمیاں اور لوگوں کی نقل و حرکت مسلسل مانیٹر کی جا رہی ہے۔سربراہ لاہور پولیس نے مزید کہا کہ اجتماع کے داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹس،میٹل ڈیٹکٹرز،اور جسمانی تلاشی کے تین درجاتی چیکنگ میکانزم سے گزرنے کے بعد ہی شرکاء کو اجتماع میں داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اورالیکٹرک بیرئیرزکا استعمال کیا گیا ہے۔اجتماع کے داخلی و خارجی راستوں پر قائم چیک پوائنٹس پر اجتماع انتظامیہ کی جانب سے تعینات رضاکار بھی تعینات ہیں۔فیاض احمد دیو نے کہا کہ تمام افسران و جوان الرٹ ہو کر ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں اور اختتامی دعا کے بعد تمام شرکاء کے انخلاء تک اپنے ڈیوٹی پوائنٹس ہرگز نہ چھوڑیں۔انہوں نے کہاکہ کسی بھی غیر متعلقہ شخص یا گاڑی کو رائیونڈ اجتماع کے قریب نہ آنے دیا جائے۔ اجتماع میں آنے والے شرکاء کسی بھی لاوارث بیگ،مشکوک اشیا کی صورت میں ڈیوٹی پر موجود پولیس جوانوں کو مطلع کریں یا 15پر اطلاع دیں۔جمعرات سے شروع ہونے والے سالانہ تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ 14نومبر تک جاری رہے گا۔رائیونڈ کے عالمی تبلیغی اجتماع میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے لاکھوں عقیدت مند شرکت کر رہے ہیں۔