شہریوں کے جان ومال کا تحفظ، خوداحتسابی کا شفاف نظام اولین ترجیحات میں شامل: آئی جی 

شہریوں کے جان ومال کا تحفظ، خوداحتسابی کا شفاف نظام اولین ترجیحات میں شامل: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ شہریوں کی جان ومال کا تحفظ، خدمات کی تیز تر اور آسان فراہمی اورخود احتسابی کا شفاف اور غیر جانبدارنظام محکمہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے انہوں نے مزیدکہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں تھانوں کے باہر فیشل رکگنیشن کیمرے (FRC) نصب کئے جائیں جس کی مانیٹرنگ بیک اپ کا نظام سنٹرل پولیس آفس کے کنٹرول روم کے ساتھ منسلک ہو۔ اس جدید سسٹم کی تنصیب کا مقصد تھانوں میں شہریوں کی آمد و رفت کے ساتھ ساتھ پولیس کے رسپانس کی مانیٹرنگ کو یقینی بنانا ہے جبکہ اس کی بدولت روایتی تھانہ کلچر کی تبدیلی، ٹاؤٹس اور سفارش کلچر کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ تھانوں میں آنے والے سائلین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں اور سپروائزری افسران مختلف مسائل کیلئے تھانے آنے والے تمام شہریوں کی بروقت داد رسی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ سے مزید استفادے اورپبلک سروس ڈلیوری کو موثر بنانے کیلئے پنجاب پولیس کے تمام ڈیجیٹل ڈیٹا کا بیک اپ سیف سٹیز اتھارٹی میں شفٹ کیا جائے۔راؤ سردار علی خان نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے پولیس کی تیار کردہ تمام آئی ٹی ایپلیکیشنز کا موثر استعمال یقینی بنایا جائے جبکہ شہریوں سے حاصل ہونے والے فیڈ بیک کی روشنی میں آئی ٹی ایپلی کیشنز کی اپ گریڈیشن کا عمل بھی جاری رکھا جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے گز شتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں آئی ٹی پراجیکٹس کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران جاری کیں  دوران اجلاس پولیس کے آئی ٹی پراجیکٹس اور انکی اپ گریڈیشن کے حوالے سے جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔۔ اجلاس میں ڈی آئی جی سیف سٹیز اتھارٹیز کامران خان، ڈی آئی جی آئی ٹی اقبال دارا، ڈائریکٹر کمپیوٹر بیورو راجہ طلعت سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
 آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے مزیدکہاکہ پبلک سروس ڈلیوری کو مزید آسان اور موثر بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے چنانچہ ویمن سیفٹی ایپ، پولیس خدمت مراکز ایپ،راستہ ایپ سمیت پنجاب پولیس کی تمام آئی ٹی ایپلیکیشنز کو شہریوں کیلئے مزید آسان اور عام فہم بنایا جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ جرائم کی روک تھام کیلئے جدید طریقہ تفتیش اور مہارتوں پر فوکس کیا جائے تاکہ مجرمان کی بیخ کنی کا عمل مزید تیز ہوسکے اور انہیں عدالتوں سے قرار واقعی سزائیں دلوائی جاتی رہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈی آئی جی آئی ٹی اور ڈی آئی جی سیف سٹی پنجاب پولیس کے ڈیجیٹل ڈیٹا کی انٹی گریشن کیلئے باہمی کوارڈی نیشن اور فالو اپ کو بہتر سے بہتر بنائیں تاکہ یہ اہم ٹاسک بلا تاخیر سر انجام پاسکے 

مزید :

علاقائی -