پاک افغان تجارت بندش، اے این پی نے قرارداد جمع کرادی

پاک افغان تجارت بندش، اے این پی نے قرارداد جمع کرادی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹی رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری و پارلیمانی لیڈر سردارحسین بابک نے پاک افغان تجارت کی بندش کے خلاف صوبائی اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی جس میں مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پاک افغان تجارت کو جنگی اور ہنگامی بنیادوں پر بحال کیا جائے۔ یہ دونوں ممالک کے کمزور معیشت اور اقتصاد کو مضبوط تر بنانے کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے رشتے مضبوط تر ہوں گے اور لاکھوں لوگوں کو روزگار و کاروبار کے مواقع فراہم ہوں گے۔ پاکستان اور افغانستان دو پڑوسی ممالک ہیں اور انکے مابین تمام آمدورفت و تجارتی راستوں کی بندش نے انسانی المیہ کو جنم دیا ہے۔ تجارتی راستے اور آمدورفت مزید بند رکھنے کے دونوں ممالک کیلئے مزید نقصان دہ نتائج دیکھنے کو ملتے ہیں۔ مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کی تجارتی سرگرمیوں کی بحالی اقتصادی بحران کو ختم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے۔ دہشتگردی کا خاتمہ کرنے میں بڑی حد تک آسانی پیدا ہوگی۔ دونوں ممالک کے عوام کو انسانی بنیادوں پر آنے جانے کے آسان اور تیز تر مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اے این پی کے پارلیمانی لیڈر سردارحسین بابک کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پڑوسی ممالک کو بھائی چارے اور اعتماد کے رشتے کو بحال کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھانے چاہئیے۔خصوصاً پاکستان افغانستان کے مابین تمام زمینی راستوں کو کھولنا امن دوستی اور بہتری پڑوسی ممالک کے رشتے کو مضبوط کرے گی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کی جاری تجارت، اقتصادی بحران کے خاتمے کا سبب جبکہ عوام کے مابین تعلق اور رشتے کو مضبوط کرے گی۔