عمران خان اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے ہیں: حیدر ہوتی

    عمران خان اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے ہیں: حیدر ہوتی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


         کاٹلنگ(نمائندہ پاکستان)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر ایم این اے امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ عمران خان اور پاکستان ساتھ نہیں چل سکتے ہیں۔ اور سلیکٹرز پر بھی یہ بات واضح ہوچکی ہے۔ اس لئے ہمیں اب ایک کا انتخاب کرنا ہے۔ اور یہ بالکل طے ہے کہ ہمیں پاکستان چاہیے۔ ہمیں عمران نہیں چاہیے۔ کیونکہ انہوں نے معیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے۔ ریاست کو نقصان پہنچایا ہے عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ اس لئے اب انہیں جانا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کاٹلنگ میں تحصیل مئیر شپ کے امیدوار الحاج فضل رحمن بن یامین کے انتخابی مہم کے افتتاح کے موقع پر ورکرز کنویشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سابق ایم پی اے گوہر علی شاہ باچا، حاجی روز محمد خان، رحمت باچا، زوار حسین، عنایت خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلدیاتی انتخابات سے فرار کی راہیں تلاش کررہے ہیں۔ تاہم انہیں بھاگنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پارلیمنٹ میں قانون سازی کے دوران شکست کھا کر اپنے اکثریت کھو چکی ہے اس لئے اخلاقی طور پر اسے مستعفی ہوجا نا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں نظر آرہا ہے کہ اگلے تین چار مہینے عمران خان کے لئے غیر معمولی اہمیت کے حامل ہیں۔ اس میں اس کے مستقبل کا فیصلہ ہوجائے گا۔ کیونکہ اب پاکستان اور عمران خان ایک ساتھ نہیں چل سکتے ہیں۔