فقیر آباد میں راہزن گرفتار، چھینے گئے 22 موبائل فونز برآمد

  فقیر آباد میں راہزن گرفتار، چھینے گئے 22 موبائل فونز برآمد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور (کرائم رپورٹر) تھانہ فقیر آباد پولیس نے مدینہ کالونی، اشرفیہ کالونی، گورنمنٹ کالج چوک اور دیگر گنجان آباد علاقوں میں سرگرم راہزن گروہ سے تعلق رکھنے والے دو خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان میں سے ایک کا تعلق ضلع مردان جبکہ دوسرا پشاور کا رہائشی ہے جو اسلحہ کی نوک پر شہریوں سے قیمتی موبائل فونز، نقدی اور دیگر اشیاء چھیننے میں ملوث ہیں، دونوں ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے جنہوں نے چھینے گئے موبائل فونز اونے پونے داموں خریدنے والے ریسور کی بھی نشاندہی کی ہے، ملزمان کے قبضہ سے ابتدائی طور پر چھینے گئے 22 قیمتی موبائل فونز سمیت مختلف وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی ہے جبکہ ملزمان سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق مدعی حضرت نبی ولد غلام نبی نے تھانہ فقیر آباد پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ نامعلوم ملزمان نے اشرافیہ روڈ پر اسلحہ کی نوک پر اس سے قیمتی موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے جس پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔ایس ایچ او تھانہ فقیر آباد اعجاز نبی نے دوران تفتیش متعدد جرائم پیشہ اور مشکوک افراد سمیت حالیہ دنوں جیلوں سے رہا ہونیوالے افراد کو بھی شامل تفتیش کیا جس کے دوران واردات میں ملوث اصل گروہ کا سراغ لگا کر گزشتہ روز ملزمان اعجاز ولد اسرار اور عمر زیب ولد جہانزیب کو گرفتار کرلیا، ملزم عمر زیب ضلع مردان جبکہ اعجاز پشاور کا رہائشی ہے جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران راہزنی کے متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے چھینے گئے موبائل فونز اونے پونے داموں خریدنے والے ریسور کی بھی نشاندہی کی جس پر دیگر افراد کو بھی شامل تفتیش کر لیا گیا ہے، ملزمان سے ابتدائی طور پر مختلف وارداتوں کے دوران چھینے گئے 22 قیمتی موبائل فونز سمیت اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی ہے جبکہ ملزمان سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔