پاکستان اور ٹی ٹی پی میں سیز فائر خوش آئند، سمجھ نہیں آرہی ہم کیا کر یں جس سے امریکہ سمیت دنیا ہمیں تسلیم کر لے: افغان وزیر خارجہ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی نے پاکستان اور ٹی ٹی پی کے مابین سیزفائر معاہدے کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے آنیوالے دنوں میں مذاکرات مزید آگے بڑھیں گے، توقع کرتے ہیں عارضی جنگ بندی مستقل امن معاہدے میں تبدیل ہو، افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہو رہی اور نہ ہی افغان سرزمین میں پاکستان مخالف عناصر موجود ہیں۔ اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے امیر خان متقی نے پاکستان اور ٹی ٹی پی کے مابین سیزفائر معاہدے کو خوش آئند قرار دیا اور ان مذاکرات کے لیے سہولت کاری کی بھی تصدیق کردی۔افغان عبوری وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمیں سمجھ نہیں آ رہی کہ ہم کون سا ایسا عمل کریں جس سے امریکہ سمیت دیگر ممالک ہمیں تسلیم کریں، افغانستان کو بڑی فوج کی ضرورت نہیں، ہم مختصر اور باصلاحیت فوج تشکیل دیں گے۔امیر خان متقی نے بتایا کہ ہماری حکومت وسیع البنیاد ہے، جس میں تمام قومیں شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت کی وزارت اور اداروں میں سو فیصد خواتین واپس آچکی ہیں اور تعلیمی اداروں میں 75فیصد خواتین واپس ڈیوٹی پر آچکی ہیں۔
افغان وزیرخارجہ