عوام کو پٹرول،ڈیزل پر 9روپے تک ریلیف دینا ممکن،اوگراذرائع
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) اوگرا کے ذرائع کے مطابق آئندہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ گزشتہ ہفتے عالمی منڈی میں خا م تیل کی قیمت 78ڈالر فی بیرل تک رہی تاہم 6نومبر کو حکومت نے 85ڈالر فی بیرل کے حساب سے قیمتوں کا تعین کیا۔ ذرائع اوگرا کے مطابق 16نومبر سے یکم دسمبر تک قیمتوں کے تعین کیلئے اوگرا نے ورکنگ کا آغاز کردیا ہے اور اب عالمی مارکیٹ کے مطابق آئندہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا کو ئی جواز نہیں، اوگرا ذرائع کا کہنا ہے حکومت تمام ٹیکسز کی موجودہ شرح لاگو کرکے قیمتیں برقرار رکھ سکتی ہے، لیوی ٹیکس ختم یا کم کرکے صارفین کو پیٹرول اور ڈیزل پر 9روپے تک کا ریلیف بھی مل سکتا ہے، حکومت پیٹرول پر9روپے62پیسے اور ڈیزل پر9روپے 14پیسے فی لیٹر لیوی وصول کر رہی ہے۔واضح رہے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 82.87ڈالر فی بیرل ہوگئی جبکہ اوگرا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سمری 14نومبر کو وزارت خزانہ کو بھجوائے گی۔
اوگرا ذرائع