افغانستان میں امریکی مفادات کے تحفظ کی ذمہ داری قطر کے سپرد
کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) 15 اگست 2021ء کو افغان طالبان کا کابل کو فتح کرنے کے بعد امریکی سفارتی عملہ افغانستان سے واپس چلا گیا تھا جبکہ چار ماہ کے عرصے کے بعد امریکی مفادات کے تحفظ کی ذمہ داری عرب ملک قطر کے سپرد کر دی گئی ہے اور دارالحکومت میں قطری سفارتخانے کے اندر امریکی مفادات کا سیکشن قائم کیا جائے گا۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں قطری ہم منصب کا خیر مقدم کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے معاہدے پر دستخط کیے جہاں معاہدے کے تحت قطر سفارتخانے میں امریکی مفادات کا شعبہ قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے کیونکہ امریکا افغانستان میں اپنا سفارتخانہ بند کر چکا ہے۔انٹونی بلنکن نے کہا کہ قطر افغانستان میں امریکی شہریوں کو قونصلر اور دیگر خدمات فراہم کرنے کے لیے کابل میں اپنے سفارت خانے کے اندر امریکی مفادات کا سیکشن قائم کرے گا۔ یہی نہیں بلکہ قطر افغان دارالحکومت کابل میں اب خالی امریکی سفارتی تنصیبات کی حفاظت اور تحفظ کی ذمے داری بھی سنبھالے گا۔اے ایف پی کے مطابق امریکا کے متعدد ممالک میں اس طرح کے معاہدے ہیں جہاں ان کی سفارتی نمائندگی نہیں ہے جن میں ایران میں سوئٹزرلینڈ سے معاہدہ ہے، شمالی کوریا میں سویڈن اور شام میں جمہوریہ چیک سے معاہدے شامل ہیں۔امریکی وزیر خارجہ نے شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار پھر کہتا ہوں کہ ہم آپ کی قیادت اور افغانستان میں آپ کی حمایت کے بے انتہا شکر گزار ہیں لیکن یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ ہماری شراکت داری اس سے کہیں زیادہ وسیع ہے۔
افغانستان