عالمی برادری افغان اثاثے بحال کرے: عمران خان، افغانستان کے عوام کی معاشی ترقی کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے: جنرل باجوہ
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے عالمی برادری صورتحال کی سنگینی کو تسلیم کرے، افغان عوام کی مشکلات کو کم کرنے میں مدد کیلئے منجمد اثاثوں کی بحالی سمیت فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔جمعہ کووزیر اعظم سے ٹرائیکا پلس کے خصوصی نمائندگان برائے افغانستان کی ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران انہوں نے ٹرائیکا پلس میکانزم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔انہو ں نے افغانستان کی صورتحال اور چیلنجز پر قابو پانے کیلئے خصوصی نمائندگان کو مبارکباد دی اور ٹرائیکا پلس کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر عمران خان نے خطے کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے افغانستان میں امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا مسلسل کہتا رہا ہوں افغانستان کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، پاکستان نے ہمیشہ ایک جامع سیاسی تصفیے کی حمایت کی۔وزیراعظم نے انسانی حقوق کے احترام اور انسداد دہشت گردی کے پرعزم اقدامات کی اہمیت پر زور دیا اور بین الاقوامی برادری کا افغانستان کیساتھ عملی اور تعمیری کردار کی اہمیت پر بھی زور دیا۔انہوں نے افغانستان میں انسانی بحران اور اقتصادی تباہی سے بچنے کیلئے بھی اقدامات پر خصوصی طور پر زور دیتے ہوئے کہا عالمی برادری صورتحال کی سنگینی کو تسلیم کرے، افغان عوام کی مشکلات کو کم کرنے میں مدد کیلئے منجمد اثاثوں کی رہائی سمیت فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے پارلیمانی و قانون سازی اور پارٹی امور کیساتھ ساتھ اپوزیشن سے نمٹنے کی حکمت عملی طے کرلی ہے۔وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا، صوبائی وزراء،پارٹی رہنماوں سمیت کور کمیٹی ممبران نے شرکت کی جبکہ اجلاس میں پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ کے گورنرز، وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان،وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار بھی شریک تھے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر فواد چوہدری،قاسم سوری،شاہ محمود قریشی،زلفی بخاری، ڈاکٹر شہزاد وسیم،عامرمحمود کیانی،یاسمین راشد شریک ہوئے۔کور کمیٹی کے اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں پر غور کیا گیا۔اجلاس میں اتحادیوں کے تحفظات پر مشاورت کی گئی۔ کمیٹی کے اجلاس میں پارلیمانی و قانون سازی اور پارٹی امور کے بارے میں حکمت عملی طے کی گئی جبکہ اپوزیشن سے نمٹنے کی حکمت عملی طے بھی گئی۔وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا مشکل وقت ہے گھبرائیں نہیں، مہنگائی پر قابو پا لیں گے۔وزیراعظم نے ویلفیئر کے حکومتی اقدامات کو عوام تک پہنچانے پر زور دیتے ہوئے کہا لوگوں کو آسان الفاظ میں بتائیں حکومت ان کیلئے کیا کر رہی ہے، عام آدمی کا ریلیف اس وقت حکومت کی توجہ کا مرکز ہے۔اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا مشکل وقت ہے گھبرائیں نہیں ہم اس پر قابو پا لیں گے۔ کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراطلاعات فوادچوہدری نے کہا انتخابی اصلاحات کے ذریعے ملک میں صاف شفاف الیکشن کا انعقاد چاہتے ہیں، تحریک انصاف ملک کی بہتری کیلئے اقدامات جاری رکھے گی،بلاول بھٹو کو تو لاڑکانہ کی گلیوں کا بھی نہیں پتہ، ووٹنگ مشین پر میکنزم بن چکا ہے صرف اتفاق رائے چاہتے ہیں۔ کور کمیٹی کا اجلاس معیشت اور مہنگائی سے متعلق تھا۔خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے معاملات بھی زیربحث آئے۔ کورکمیٹی اجلاس میں پارٹی ارکان کو اعتماد میں لیا گیا۔ چوہدری فوادحسین نے کہا مہنگائی کی بنیادی وجہ کورونا کے باعث اسکی عالمی سطح پر جاری لہر ہے۔مہنگائی کے باعث امریکہ جیساملک بھی شدید دباؤ کا شکار ہے۔دیگر ملکوں کے برعکس پاکستان کی معیشت فروغ پا رہی ہے۔مستری، پلمبرز، دکانداروں سمیت کئی طبقات کی آمدن میں اضافہ ہوا ہے۔ وراعظم عمران خان صرف آدھے گھنٹے کے نوٹس پر سپریم کورٹ پہنچے۔کور کمیٹی نے وزیراعظم کی سپریم کورٹ میں پیشی کو سراہا ہے۔ اکانومسٹ رپورٹ کے مطابق افغانستان میں 2 کروڑ سے زائد لوگ افلاس کا شکار ہو گئے ہیں۔انتخابی اصلاحات کے ذریعے ملک میں صاف شفاف الیکشن کا انعقاد چاہتے ہیں۔ تحریک انصاف وا حد جماعت ہے جو ملک کی بہتری کیلئے اقدامات جاری رکھے گی۔ ووٹنگ مشین پر میکنزم بن چکا ہے صرف اتفاق رائے چاہتے ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم جس طرح کھیلی ہمیں اس پر فخرہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں اور مکران کو نیشنل گر ڈ سے منسلک کرنے کے منصوبے کی سست روی پر برہمی کا اظہار کیا، پلاننگ کمیشن،واپڈا اور این ایچ کو بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز،جنوبی بلوچستان پیکیج کی طرز پر شمالی بلوچستان پیکج تیار ہے،بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں تجارتی سرگرمیاں کی فوری بحال کرنے کی ہدایت کی ہے۔جمعہ کو وزیراعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدو س بزنجو نے ملاقات کی جس میں بلوچستان کی ترقیاتی و مالی ضروریات اور صوبے میں وفاقی منصوبو ں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی ترقیاتی منصوبوں اور مکران کو نیشنل گر ڈ سے منسلک کرنے کے منصوبے کی سست روی پر برہمی کااظہار کر تے ہوئے کہا بلوچستان کی ترقی کی راہ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی، انہوں نے پلاننگ کمیشن کوہدایت کی کہ جنوبی بلوچستان پیکیج کی طرز پر شمالی بلوچستان پیکج بھی تیار کیا جائے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہاسرحدوں کی بندش سے سرحدی علاقوں کے عوام کا روز گار ختم ہو گیا ہے بارڈر مارکیٹوں کے قیام کے منصوبے پر عملدرآمد تک سرحدی علاقوں میں روزگار کے مواقعوں اور سہولیات کی فراہمی اشد ضروری ہے انہوں نے وزیراعظم سے سرحدی علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کی بحالی کی درخواست کی جس پر وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کی فوری بحالی کے لئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کر دی۔ وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے بلوچستان کے مسائل کے حل اور صوبے کی ترقی میں خصوصی دلچسپی لینے پر وزیراعظم کاشکریہ اداکیا۔
عمران خان
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ انسانی بحران سے بچنے اور افغان عوام کی معاشی ترقی کے لیے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔جمعہ کوپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تھامس ویسٹ نے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، جب کہ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پربھی بات چیت ہوئی۔اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان دوطرفہ روابط کی روایت کو برقرار رکھنے اور امریکا کے ساتھ طویل المدتی اور ملٹی ڈومین پائیدار تعلقات کا خواہاں ہے، آرمی چیف نے انسانی بحران سے بچنے اور افغان عوام کی معاشی ترقی کے لیے مربوط کوششوں کی ضرورت پر زوردیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق تھامس ویسٹ نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار، بارڈر مینجمنٹ کیلئے خصوصی کاوشوں، علاقائی استحکام میں کردار کو سراہا، اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے آج یہاں جنرل ہیڈ کوارٹرز (GHQ) راولپنڈی میں تفصیلی ملاقات۔ اس موقع پر ملاقات میں صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو مسئلہ کشمیر اور اپنے امریکہ، برطانیہ اور یورپ کے حالیہ دورے پر بریفنگ دی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان روس کیساتھ باہمی رابطوں کے فروغ کاخواہاں ہے،روس کے ساتھ دورس کثیرنوعیت تعلقات چاہتے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سے افغانستان کیلئے روس کے نمائندہ خصوصی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی، افغان صورتحال اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں افغانستان کی صورتحال اور بارڈر مینجمنٹ کیامور بھی زیرغور آئے۔اس موقع پر پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان روس کیساتھ باہمی رابطوں کے فروغ کاخواہاں ہے روس کیساتھ دورس کثیرالنوعیت تعلقات چاہتے ہیں افغانستان میں انسانی المیہ سے بچنے کیلئے عالمی توجہ کی ضرورت ہے۔
جنرل باجوہ