پہلے اپنے خلاف جہاد کریں پھر ریاست مدینہ کا نام لیں، عمران خان نے اپوزیشن نہیں قوم سے انتقام لیا: حمزہ شہباز
لاہور(جنرل رپورٹر،نامہ نگار)پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپوزیشن سے نہیں قوم سے انتقام لیا، ڈسکہ ضمنی انتخاب پر الیکشن کمیشن کی رپورٹ سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا،عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا، آج غریب کے گھر فاقے ہیں، ہفتہ وار مہنگائی کا انڈیکس 15.21 فیصد ہے، توشہ خانہ کی تفصیل قوم کے سامنے کیوں نہیں رکھتے؟ پہلے اپنے خلاف جہاد کریں پھر ریاست مدینہ کا نام لیں،مہنگائی، بیروزگاری پر اس حکومت کے خلاف چھٹکارہ پانے پر جدوجہد جاری رکھیں گے۔عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ حکومت چوری شدہ مینڈیٹ کی پیداوار ہے، قوم جان لے اس شخص کا دوہرا معیار ہے، اس نے عوام کو جھوٹے خواب دکھائے تھے اور جھوٹ بولے تھے،یہ چینی چوری کے خلاف جہاد کیوں نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی اس قدر پھیل چکا ہے کہ ہسپتالوں میں ایک،ایک بیڈ پر 2، 2 مریض پڑے ہیں، ملکی تاریخ کی مہنگی ترین ایل این جی خریدی گئی، ڈالر آسمان کو چھو رہا ہے،سردی آئی ہیں اورگیس کا شدید بحران سامنے آنے والا ہے۔انہوں نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کا فرض ہے کہ اس کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن)کے دور میں پٹرول کی قیمت 111 ڈالر فی بیرل تھی لیکن ہم نے قیمت 107 روپے فی لیٹر رکھی تھی،یہ قوم سے جھوٹ بولتے ہیں لیکن حقائق کو جھٹلایا نہیں جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی توشہ خانہ کیس میں جواب کیوں نہیں دیتے،فارن فنڈنگ کیس 6 سالوں سے التوا ء کا شکار ہے،سستا موٹر وے بنانے کا دعوی بھی ان کا ایک اور جھوٹ ہے،ہماری جماعت نے اب ٹھان لی ہے کہ ہم مہنگائی، بیروزگاری پر اس حکومت کے خلاف چھٹکارہ پانے پر جدوجہد جاری رکھیں گے،اس شخص نے پورے پاکستان کو اپنے جھوٹ اور نااہلی اور کرپشن سے آلودہ کر دیا ہے،یہ مافیا کو کابینہ میں اپنے ساتھ بٹھاتے ہیں،نیا پاکستان مہنگائی کے بوجھ تلے دب چکا ہے۔
حمزہ شہباز