حسن علی ٹیم کی جان اور فائٹر: ثقلین مشتاق، کیچ چھوٹنے سے ہمت نہیں ہارنی چاہیے: شاہد آفریدی
اسلام آباد،دبئی (آن لائن)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے فاسٹ بولر حسن علی کو قومی ٹیم کی جان اور فائٹر قرار دے دیا۔میڈیا سے گفتگو میں ثقلین مشتاق نے کہا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی سب نے تعریف کی، مخالف ٹیمیں بھی داد دیتی نظر آئیں۔انہوں نے کہا کہ حسن علی پاکستان ٹیم کی جان ہے وہ فائٹر ہے، فرنٹ لائن پر کھیلنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ ایسے حالات پیش آتے ہیں۔ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ وہ عبوری کوچ ہیں، مستقبل کے پلان آئیں گے تو کچھ سوچیں گے۔اْن کا کہنا تھا کہ اسکواڈ کی سب سے بہترین پلیئنگ الیون یہ ہی بنتی تھی، سب کا متفقہ فیصلہ تھا کہ اس الیون کو ہی برقرار رکھا جائے۔ ثقلین مشتاق نے یہ بھی کہا کہ 100 میں سے 95 فیصد لوگ ٹیم کی تعریف کررہے ہیں، شکست کسی کو بھی اچھی نہیں لگتی، اس پر سب کو دکھ ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے شکست کے بعد کپتان بابر اعظم اور ٹیم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ میں نے بھی کرکٹ کے میدان میں اسی طرح کی مایوسی کا سامنا کیا، اسی لیے آپ کے جذبات سے واقف ہوں۔وزیراعظم عمران خان نے ایونٹ میں اہم ترین میچ میں فتح پر آسٹریلوی ٹیم کو مبارک باد بھی دی۔کپتان بابر اعظم اور قومی ٹیم کے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ اس وقت آپ کے کیا جذبات ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے بھی کرکٹ کے میدان میں اسی طرح کی مایوسی کا سامنا کیا، اسی لیے آپ کے جذبات سے واقف ہوں۔عمران خان نے کہا کہ آپ نے ٹی20 ورلڈکپ میں جس اعلیٰ معیار کی کرکٹ کھیلی ہے اس پر فخر کرنا چاہیے۔وزیراعظم نے کہا کہ آئی سی سی ایونٹ میں آپ نے اپنی کامیابیوں پر عاجزی کا مظاہرہ کیا جو قابل فخر ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے کہا کہ اگر حسن علی سے کیچ چھوٹ گیا تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ بالکل ہمت ہار جائیں اور تین گیندوں پر تین چھکے کھا جائیں۔ دوسری طرف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے پاکستان ٹیم کا بنایا گیا بائیو سکیور ببل ختم ہونے پر کھلاڑی ہوٹل کی لابی میں شائقین سے گھل مل گئے مگر حسن علی نے لابی میں آنے سے گریز کیا، شائقین اور میڈیا کو دیکھ کر واپس چلے گئے۔دوسری جانب کرکٹرحارث رؤف اورشاہین شاہ آفریدی نے شائقین سے گفتگو کی۔ حارث رؤف کا کہنا تھاکہ جو چاہتے تھے وہ نہیں ہوسکا، ٹیم نے پوری کوشش کی۔ شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھاکہ سیمی فائنل جیت جاتے تو زیادہ خوشی ہوتی۔ شائقین نے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کے ساتھ سیلفیاں بنائیں اور آٹو گراف لیے۔
ثقلین مشتاق