دعوت، تبلیغ کیلئے دنیا کے کونے کونے تک نبی اکرم ؐ کا پیغام پہنچانا ہر امتی کی ذمہ داری
رائیونڈ (این این آئی)عالمی تبلیغی اجتماع کے دوسرے روز مختلف نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالرحمن،مولانا محمد اسماعیل،مولانا زبیر الحسن،مولانا احمد لاٹ آف انڈیا ودیگر نے کہا کہ تبلیغی جماعت کا کام معمولی کام نہیں ہے انبیاء اکرام کی میراث ہے،اس عظیم مشن کی انجام دہی کیلئے انبیاء اکرام کو مبعوث کیا گیا،نبی آخرالزمان حضرت محمد ؐکے بعد نبوت کا دروازہ بند ہو گیا ہے اب اس کام کو امت کے سپر د کردیا گیا ہے،صحابہ اکرام نے اپنی زندگیاں اس عظیم کام کیلئے وقف کردی تھیں،تبلیغ کے بنیادی مقاصد میں برائی سے روکنا اور نیکی کا حکم دینا،تمام امت کو جہنم سے بچا کر جنت میں لیکر جانا کلمے کی دعوت کو عام کرنا،اکرام مسلم،نمازکی پابندی اور حقو ق اللہ کی بجا آوری کیساتھ حقوق العباد کی فکر یہی دعوت و تبلیغ کا مغز ہے،اس اہم مشن کیلئے اپنے گھر وں،کاروبار،اہل و عیال کو چھوڑ نا ہے دعوت و تبلیغ کیلئے دنیا کے کونے کونے تک نبی اکرم ؐکا پیغام پہنچانا اب ہر امتی کی ذمہ داری ہے،جہنم سے بچانے اور جنت میں لیجانے کی فکر اپنے دلوں میں پیدا کرلیں،مساجد کو آباد کرلیں،اپنے اخلاق کو بہتر بنا لیں،اپنے اعمال کی بہتری کیلئے ہر مسلمان فکر پیدا کرئے،نبی اکرمؐ کے اسوہ حسنہ کو اپنی زندگیوں میں لانا ہے اسی پر عمل پیرا ہو کر ہماری دنیا اور آخرت کامیابی سے ہمکنار ہو گی مقررین نے مزید کہا کہ انسان گھاٹے میں ہے صرف وہی انسان فلاح و نجات کا حقدار ہوگا جو اللہ کی خوشنودی اور آقائے کائنات کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہو گا،دنیا کی کامیابی کو مال میں سمجھنے والے بے وقوف ہیں اصل کامیابی اعمال میں ہے۔انہوں نے کہاکہ نیک،صالح اعمال کی بدولت اللہ کو رضا کیا جاسکتا ہے دین کے کام کو کرنیوالے اللہ کے پسندیدہ بندے ہوتے ہیں رات کی تاریکیوں میں اٹھ کر رب کو منانا اور دن کی روشنی میں اسکی مخلوق کی خدمت کرنے سے کامیابی کے راستے کھلیں گے آج وقت گزر رہا ہے اس نے گزرنا ہی ہے کیوں نا اس وقت کو قیمتی بنالیا جائے،وقت کو قیمتی بنانے کیلئے نیک صالح اعمال کرنا ہونگے اپنے دلوں میں رب کا خوف اور مخلوق کی خدمت کا جذبہ پیدا کرنا ہوگا تو کامیابی قدم چومے گے۔
عالمی تبلیغی اجتماع