اختیارات کا مسئلہ نہیں تھا ، سابق میئر کراچی کی نیت ٹھیک نہیں تھی ، مرتضیٰ وہاب کھل کر بول پڑے
کراچی ( ڈیلی پاکستان آن لائن) ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی میونسپل کارپوریشن میں اختیارات کا نہیں نیت کا مسئلہ تھا ، سابق میئر کی نیت ٹھیک نہیں تھی ، ہم کراچی کو تین زونز میں تقسیم کرنے جا رہے ہیں ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ شہر کے تمام بند پارکس کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، کراچی کے تمام پلوں کے جوائنٹس کی مرمت کی جائے گی ، رواں مالی سال ڈیڑھ ارب روپے سڑکوں کی مرمت پر خرچ کریں گے ، فریئر ہال کی تزئین و آرائش کا کام شروع کرنے جا رہے ہیں جہاں شہری تاریخی ورثے کو دیکھ سکیں گے ۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وفاق کے تحت ہے ، اس مسئلے پر میں گورنر سندھ عمران اسماعیل کے پاس گیا اور میں گورنر سندھ کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے لیاری ایکسپریس کے معاملے پر پوری حمایت کی یقین دہانی کرائی ۔ ہم سڑکوں پر موجود فلائی اوورز پر پودے لگانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے ، آئل ٹرمینل کی بہتری کیلئے 26 کروڑ کا ٹیندر جاری کیا، کراچی کے لئے 240 اور لاڑکانہ کے لئے 10 نئی بسیں لا رہے ہیں ۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے ایم سی کی لا پرواہی سے بند بسیں بھی بحال کی جائیں گی ،عزیز بھٹی پارک بہتر کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے ، باغ کے دروازے شہریوں کے لئے دوبارہ کھل رہے ہیں ۔