ٹورازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی طرف سے ایکسپو 2020 کے موقع پر دبئی میں تقریب کا انعقاد

ٹورازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی طرف سے ایکسپو 2020 کے موقع پر دبئی میں تقریب کا ...
ٹورازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی طرف سے ایکسپو 2020 کے موقع پر دبئی میں تقریب کا انعقاد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

دبئی (طاہر منیر طاہر) ٹورازم ڈیپارٹمنٹ گورنمنٹ آف پنجاب کی طرف سے ایکسپو 2020 کے موقع پر دبئی کے ایک ہوٹل میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پنجاب کے سیاحتی مقامات کے بارے خوبصورت ڈاکو منٹری پیش کی گئی۔ تقریب میں دبئی اور دیگر امارات سے پاکستانی کمیونٹی کے لوگوں نے شرکت کی۔ پاکستان بزنس کونسل دبئی اور پاکستانی قونصلیٹ دبئی کے عہدیداران اور افسران کے علاوہ مقامی شیوخ اور کاروباری خواتین و حضرات نے شرکت کی۔

ٹورازم ڈیپارٹمنٹ گورنمنٹ آف پنجاب کے آفیشلز نے باری باری پنجاب کے خوبصورت مقامات کے بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب کو سیاحتی مقام بنانے کے خصوصی احکامات جاری کیے ہیں جس کے تحٹ ہم سرمایہ کاروں کو دعوت دے رہے ہیں وہ بھی پنجاب کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے سرمایہ کاری کریں۔ پنجاب کی زرخیز زمین گوناگوں خصوصیات کی حامل ہے اور اپنے اندر پوشیدہ خزانے رکھتی ہے جنہیں مزید دریافت کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر بیرونی سرمایہ کاروں کا تعاون شامل ہو تو ہم پنجاب کو مزید خوبصورت سیاحتی مرکز بناسکتے ہیں۔

سرکاری اہلکاروں نے شرکائے تقریب کو معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ اٹک خورد، فورٹ منرو، ڈیرہ غازی خان، دھرابی لیک ریزارٹس چکوال، خابیکی لیک انٹرٹینمنٹ پارک چکوال، داﺅد خیل میانوالی واٹر سپورٹس جیسے پراجیکٹس زیر تکمیل ہیں جہاں دور جدید کی ہر سہولت فراہم کی جارہی ہے تاکہ سیاح قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہوسکیں۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ 2020 میں سیاحت کے لحاظ سے 20 ملکوں کی فہرست میں پاکستان پہلے نمبر پر رہا اور تقریباً 40 ملین سیاحوں نے پاکستان کے مختلف سیاحتی مقامات کا وزٹ کیا۔ پنجاب میں زیر تکمیل سیاحتی مقامات پر ہر طرح کی جدید سہولیات مثلاً ایمرجنسی فرسٹ ایڈ اور ہیلی پیڈ جیسی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں اور دنیا بھر کے سیاحوں کی دلچسپی کے لئے نئی نئی چیزیں متعارف کروائی جارہی ہیں۔ پنجاب کے سیاحتی مقامات میں سرمایہ کاری جہاں پنجاب کو خوبصورت بنائے گی وہاں انویسٹرز کے لئے بھی سنہری موقع ہے۔