چڑیا گھر میں خاتون نے اچانک شیر کے پنجرے میں چھلانگ لگا کر انتظامیہ کی دوڑیں لگوا دیں
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ میں چڑیا گھر گئی ایک خاتون نے اچانک شیر کے پنجرے میں چھلانگ لگا کر انتظامیہ کی دوڑیں لگوا دیں۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ واقعہ نیویارک کے برونکس نامی چڑیا گھر میں پیش آیا ہے جہاں یہ خاتون اپنے شوہر کے ہمراہ چڑیا گھر گئی اور شیر کے پنجرے میں کود گئی۔ وہ شیر سے چند میٹر کے فاصلے پر جا کر ڈانس کرتی رہی اور شیر کی طرف نوٹ نچھاور کرتی رہی، جبکہ آدمی اپنی بیوی کے اس خوفناک اقدام کی ویڈیو بناتا رہا۔
ویڈیو میں خاتون کو شیر سے گفتگو کرتے ہوئے سناجا سکتا ہے۔ وہ شیر سے کہہ رہی ہوتی ہے کہ ”ائے جنگل کے بادشاہ، مجھے تم سے محبت ہے۔ مجھے تمہاری یاد بہت ستا رہی تھی اور میں تمہارے لیے واپس آئی ہوں۔“خاتون شیر کے لیے سرخ پھولوں کا ایک گلدستہ بھی پنجرے میں اپنے ساتھ لے جاتی ہے اور اسے شیر کی طرف پھینکتی ہے۔ خاتون کی اس حرکت کی اطلاع پا کر چڑیا گھر انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں اور انہوں نے آ کر اسے شیر کے پنجرے سے باہر نکالا۔