بیٹی کی لاش کئی ہفتوں تک گھر میں رکھنے والی ماں گرفتار، وجہ ایسی بتادی کہ حیرت کی انتہا نہ رہے
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں اپنی متوفی بیٹی کی لاش ہفتوں تک گھر میں رکھنے والی ماں اور بہن بھائی کو گرفتار کر لیا گیا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق 49سالہ رینا یاسوتاکے نامی آرٹسٹ کی موت 6ہفتے قبل ہوئی تھی جسے اس کی 78سالہ والدہ میشیکو یاسوتاکے، 55سالہ بہن یوشیکا یاسوتاکے اور 49سالہ جڑواں بھائی تاکاہیرو یاسوتاکے نے آخری رسومات ادا کرنے کی بجائے گھر میں ہی رکھا۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیملی برطانوی شہر یارک کے مضافاتی علاقے ہیلمزلے کی رہائشی ہے۔ علاقہ مکینوں نے ان کے گھر سے لاش کے گلنے سڑنے کی بدبو محسوس کی تو پولیس کو اطلاع دے دی۔ پولیس نے گھر پر چھاپہ مار کر رینا کی لاش برآمد کی اور اس کی والدہ، بہن اور بھائی کو حراست میں لے لیا گیا۔
ہمسایوں کا کہنا ہے کہ جب پولیس رینا کی لاش لیجانے لگی تو فیملی نے آفیسرز سے درخواست کی کہ وہ رینا کی لاش نہ لیجائے کیونکہ اس کی روح ابھی یہیں ہے۔ تینوں فیملی ممبرز کے خلاف لاش کو غیرقانونی طور پر گھر میں رکھنے کے الزام میں مقدمے کی کارروائی شروع کی گئی تاہم بعد ازاں ریکارڈر آف یارک سین موریس نے ان کے خلاف مقدمہ ختم کرنے کا حکم دے دیا۔