کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کےمرکزی رہنمااور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ چلتا ہوا پاکستان اس نہج پر پہنچا دیا کہ پوری دنیا میں کوئی ہماری بات سننے والا نہیں،حکومت عوام کےووٹ سے نہیں آئی،عوام کوجس تکلیف میں مبتلا کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی ،ملک کو مشکل وقت سے نکالنے کاواحدحل نئےانتخابات ہیں۔
کراچی میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کے زیر اہتمام بڑے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئےشاہد خاقان عباسی کا کہناتھا کہ پی ڈی ایم آئین کے بالادستی کی بات کرتی ہے،پی ڈی ایم چاہتی ہے ملک کوآئین کے تحت چلائیں،عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں،ہوشربا مہنگائی سے پوراملک پریشان ہے،جہاں الیکشن چوری ہوتے ہیں وہاں اسی طرح مہنگائی ہوتی ہے،مہنگائی اورعوام کی مشکالات کاحل صرف ملک کو آئین کےمطابق چلاناہے،تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر عوام کے لئے کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے ہر شخص پریشان ہے ،مہنگائی کی اصل وجہ 2018ء کے الیکشن کی چوری ہے ،وزیر اعظم کہتے ہیں دنیا بھر میں مہنگائی بڑھی ہے ،وزیر اعظم صاحب ہم لندن میں نہیں پاکستان میں رہتے ہیں ،یہ بتائیں 30 روپے کا آٹا 80 روپے میں کیوں فروخت ہورہا ہے؟عوام مہنگائی بے روزگاری سے پریشان ہے، تمام مسائل کا واحد حل فوری شفاف انتخابات ہیں۔