مولانا فضل الرحمان کے خطاب پر فواد چوہدری کا ردعمل سامنے آگیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے دو سال قبل آج ہی کے روز 13 نومبر 2019ء کو حکومت کےخلاف اپنادھرناناکامی کےبعدختم کیا تھا،اُن کے پلان اے، بی سی ناکام ہوگئے تھے،جو بیانات اب دے رہے ہیں،اسی قسم کے بیانات اُس وقت بھی اُنہوں نے دیئے، ان سیاسی بے روزگاروں کے پلے کچھ نہیں رہا، یہ صرف نعرے لگا سکتے ہیں،شارٹ یاکوئیک مارچ ہوہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کے جلسہ سےمولانا فضل الرحمان کے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ڈی ایم سیاسی لاوارثوں کا ٹولہ ہے، اس کا کام عوام کو صرف دھوکہ دینا ہے، پی ڈی ایم اور مولانا فضل الرحمان پے درپے ناکامیوں کے بعد اپنے ہوش و حواس کھو بیٹھے ہیں، لانگ مارچ ہو، شارٹ مارچ یا کوئیک مارچ، ہمیں ان مارچوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، مولانا پہلے بھی لانگ اور شارٹ مارچ کا ناکام تجربہ کر چکے ہیں، عوام پہلے بھی ان کے جھانسے میں نہیں آئے تھے اور اب بھی نہیں آنے والے، مولانا اپنی سردیوں کی ایکٹیویٹی کا شوق پورا کرلیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ڈی ایم کو مشورہ ہے کہ وہ دو سال الیکشن کا انتظار کرے اور پھر پانچ سال مزید انتظار کرے کیونکہ اگلی حکومت انشاء اللہ عمران خان کی ہی ہوگی،مولانا فضل الرحمان کی ہرحکومت میں شامل ہونےوالی چابی زنگ آلود ہو چکی ہے،جب انکی دال نہیں گلی تو وہ احتجاجی طریقوں سے اپنی ڈوبتی سیاست کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ فواد چوہدری نےکہا کہ اپنی چوری بچانے کے لئے اپوزیشن ایک دوسرے کے کندھوں کا سہارا لے رہی ہے، وہ پہلے بھی ایک دوسرے کی پیٹھ میں چھرا گھونپ چکے ہیں،پی ڈی ایم بار بار ناکامیوں کے باوجود ملک کی ترقی و خوشحالی کے سفر میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتی ہے، پی ڈی ایم کا ملکی سیاست میں اب کوئی کردار باقی نہیں رہا، وزیراعظم عمران خان نے کرپٹ ٹولے کی اصلیت عوام کو دکھا دی ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہم سب متحد ہیں، قوم کو وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر غیر متزلزل یقین ہے، احتجاج کرنے والے عناصر ترقی کا سفر روکنا چاہتے ہیں جو کبھی نہیں رکے گا۔