بے حد سموگ، نئی دلی میں ایک ہفتے کیلئے سکول ، سرکاری دفاتر بند
نئی دلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت کے وفاقی دارالحکومت نئی دلی کی حکومت نے سموگ کی وجہ سے ایک ہفتے کیلئے سکول اور سرکاری دفاتر بند کرنے کا اعلان کردیا۔
نئی دلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اعلان کیا کہ دارالحکومت میں پیر سے ایک ہفتے کیلئے سکول بند رہیں گے۔ یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے تاکہ بچے زہریلی ہوا کے اثرات سے محفوظ رہیں۔
وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں اعلیٰ حکام کے ساتھ میٹنگ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اروند کیجریوال کا کہنا تھا کہ اگلا پورا ہفتہ سرکاری دفاتر بھی بند رہیں گے تاہم سرکاری ملازمین گھروں سے کام کریں گے۔ انہوں نے پرائیویٹ دفاتر سے کہا کہ وہ بھی کارکنوں کو گھر سے کام کی اجازت دیں۔
انہوں نے بتایا کہ نئی دلی کی حکومت وفاقی دارالحکومت میں لاک ڈاؤن کی تجاویز تیار کر رہی ہے جو سپریم کورٹ میں پیش کی جائیں گی۔ کیجریوال نے بتایا کہ پڑوسی ریاستوں میں دھان کی فصل کی باقیات جلائے جانے کے باعث نئی دلی میں ہوا میں آلودگی بہت زیادہ بڑھ گئی ہے، اس حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔