مسلم لیگ ق کے بزدارحکومت پر تحفظات ، وزیراعلیٰ پنجاب بھی میدان میں آگئے
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اتحادیوں کو ہمیشہ اہمیت دی، ان کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ مزید بہتر بنائیں گے۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے مسلم لیگ ق کے تحفظات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ق اہم اتحادی ہے، ہمیشہ اتحادیوں کے ساتھ مل کر چلنے کی پالیسی اختیار کی ہے، پنجاب میں کبھی سولو پالیسی اختیار نہیں کی، پنجاب میں مشاورت کا عمل ہمیشہ ترجیح رہا ہے اگر اتحادیوں کے کوئی تحفظات ہوئے تو انہیں دور کریں گے، اتحادی ہوں یا منتخب ارکان ان کی رائے کو ہمشہ وزن دیا ہے، پنجاب میں مشاورت کا عمل ہمیشہ ترجیح رہا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ق نے ایک بار پھر بزدار حکومت پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے شکوہ کیا تھا کہ فیصلہ سازی میں پارٹی کی قیادت کو اعتماد میں نہیں لیا جاتا۔سینیٹر کامل آغاکاکہناتھا کہا کہ اتحادی ہونے کے باوجود بجٹ کے دوران حکومت نے صرف اسمبلی کے سپیکر سے بات کی اور تب انہیں ان کی حمایت کی ضرورت تھی،پنجاب حکومت کے رویے پر متعدد شکایات موصول ہوچکی ہیں، پارٹی ابھی صرف پنجاب حکومت کے خلاف تحفظات کا اظہار کر رہی ہے،اگر ان کے تحفظات پر غور نہیں کیا گیا تو وہ دیگر سیاسی اختیارات کے استعمال کے لیے آزاد ہوں گے۔