لاہور(خبر نگار)چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ عطاء الرحمن کا کہنا ہے کہ سروس آف ڈلیوری میں بہتری نہ لانے والوں کو مستقبل میں فیلڈ پوسٹنگ نہیں دی جائے گی۔اس کے علاوہ ان کا کہنا ہے کہ حکومتی پالیسی کی روشنی میں ادارے میں نئی اسامیوں کی تخلیق اورپہلے سے موجود اسامیوں کی اپ گریڈیشن ممکن نہیں،آنے والے وقت میں متروکہ وقف املاک بورڈ کی ری سٹرکچرنگ کا کام شروع ہونے جا رہا ہے۔ عطاء الرحمن کا کہنا ہے کہ مستقبل میں دیگر اداروں کی طرح بورڈ میں بھی وفاقی حکومت کی پیشگی منظوری کے بعد بوقت ضرورت تین سالہ کنٹریکٹ کی بنیاد پر مارکیٹ سے پیشہ وارانہ صلاحیت کے حامل افراد کی بھرتیاں کی جاسکیں گی۔ تمام ایڈمنسٹریٹرز اپنے حلقہ میں ریکوری اور ٹرسٹ بورڈ کی اراضی سمیت ہندو اور سکھوں کے مذہبی مقامات کی حفاظت اور ان کی بھر پور دیکھ بھال کے لئے اپنا عملی کردار ادا کریں۔
چیئرمین نے ایڈمنسٹریٹر ز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی آمدنی بڑھانے کے لئے مثبت اقدامات کئے جائیں۔ افسران نیک نیتی اور ذمہ داری سے ادارہ کی بہتری کے لئے کام کریں۔ چیئرمین کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ میں سیکرٹری بورڈ فرید اقبال، ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن ثناء اللہ خان، کنٹرولر اکاونٹس محمد مصطفی،چیف انجینئرحق نواز، ایڈیشنل سیکرٹری شرانئز سیف اللہ کھوکھر، سٹاف آ فیسر ظفر اقبال، زو نل ایڈمنسٹریٹرز، اکرم جوئیہ، نور اسلم خان،سلیم گوندل، آصف خان،رشید تنیو،عدنا ن حسن پھلر وان، ڈائریکٹر لیگل عظمی شہزادی،کمپیوٹر پروگرامر شبانہ آفرین سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔