لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر پنجاب بھر میں قائم اقلیتی عبادت گاہوں کے سیکیورٹی آڈٹ کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب میں اہم اجلاس ہوا۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پنجاب بھر میں قائم تمام اقلیتی عبادت گاہوں کی تازہ سیکیورٹی آڈٹ رپورٹ مرتب کی جائے جو اگلے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام اقلیتی عبادت گاہوں کی چار دیواری، سیکیورٹی کیمرے، خاردار تاریں اور مناسب سکیورٹی عملے کی تعیناتی یقینی بنائی جائے۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے اجلاس کے دوران سیکیورٹی صورتحال اور حکومتی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں چرچز، مندر، بیت الذکر اور گردواروں کی صورت میں 3960 رجسٹرڈ اقلیتی عبادت گاہیں موجود ہیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے بریفنگ میں بتایا کہ اقلیتی عبادت گاہوں کے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب میں ایف این ایس سیل کو متحرک کیا گیا ہے اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کی شمولیت سے خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ ہر 2 ہفتے بعد صوبے کا سیکیورٹی آڈٹ کرنے کیلئے اجلاس بلاتا ہے اور پنجاب کے تمام اضلاع میں انتظامیہ اور پولیس کی کمیٹیاں تشکیل دی جاچکی ہیں جو اقلیتی عبادت گاہوں کی سیکیورٹی کیلئے کمیونٹی سے رابطے میں ہیں۔ تمام اقلیتی عبادت گاہوں کے انتظام و انصرام میں متعلقہ کمیونٹی کی اولین شمولیت لازم ہے۔
اجلاس کے دوران صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتی برادری کو برابری کے حقوق میسر ہیں۔ صوبہ بھر میں موجود مذہبی اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی سیکیورٹی ودیگر معاملات پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاہم مناسب انتظامات کیلئے تمام اقلیتی عبادت گاہوں کا قانونی طور پر رجسٹر ہونا لازمی ہے۔ انسانی جانوں کی حفاظت کیلئے تمام عبادت گاہوں کے داخلی خارجی راستوں پر باڈی سرچ لازمی ہے اور اقلیتی عبادت گاہوں کی سیکیورٹی کے ساتھ تزئین و آرائش پر توجہ دی جائے۔
اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور سونیا عاشر، چیرمین قائمہ کمیٹی فالبوس کرسٹوفر، ممبران صوبائی اسمبلی ایمانویل اطہر، اعجاز عالم آگسٹین اور شکیلہ جاوید نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور علی بہادر قاضی، سیکرٹری اوقاف طاہر رضا بخاری، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر، سالویشن آرمی علاقائی کمانڈر کرنل میکڈونلڈ، آرچ بشپ بینی ماریو ٹراواس، رومن کیتھولک چرچ لاہور ڈائیسیز، ایم قیصر چیئرمین ایف جی اے چرچ، ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل پریسبیٹیرین چرچ آف پاکستان، ریورنڈ اعزاز مارشل چرچ آف پاکستان رائے ونڈ ڈائیسیز اور اقلیتی امور کے فوکل پرسن داؤد شریف سہوترا سمیت متعلقہ سیکیورٹی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔