پاکستانی گلوکار عدنان سمیع کا بھارت میں رہائش کا ویزا چھ اکتوبر کو ختم
نئی دہلی (این این آئی) پاکستانی گلوکار عدنان سمیع کا بھارت میں رہائش کا ویزا چھ اکتوبر کو ختم ہو گیا ہے۔یہ بات عدنان سمیع اور ان کی سابق اہلیہ صبا کے مابین جاری ایک مقدمے کی سماعت کے دوران سامنے آئی ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق عدنان نے مبینہ طور پر صبا کےلئے ممبئی کے علاقے لوھنڈوالا میں ایک فلیٹ خریدا تھا تاہم اب وہ خود اس میں اپنی تیسری بیوی کے ساتھ رہ رہے ہیں۔صبا نے عدالت میں فلیٹ کے مالکانہ حقوق اور کرائے کی رقم کے معاملات پر عدنان پر کیس دائر کیا ۔سماعت کے دوران عدنان نے اپنے ویزا کے بارے میں کہا کہ انہیں معلوم ہی نہیں تھا کہ ان کے ویزے کی مدت ختم ہو رہی ہے اور وہ اب اپنے ویزے کی تجدید کروانے کی کوشش کریں گے۔