شہر میں پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ،ایم ڈی واٹر بورڈ

شہر میں پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ،ایم ڈی واٹر بورڈ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی واٹراینڈسیوریج بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر قطب الدین شیخ نے کہا ہے کہ تمام افسران اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور تجربہ سے کراچی کے ہر علاقہ میں پینے کے پانی کی فراہمی کو ممکن بنائیں اور ایسی حکمت عملی وضع کریں کہ پانی کی مساویانہ تقسیم ممکن ہو ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے تمام زونل چیف انجینئرز کے اجلاس کے دوران کیا ، ڈی ایم ڈی ٹی ایس نجم عالم بھی اس موقع پر موجود تھے ،ایم ڈی واٹر بورڈ نے کہا کہ بجلی کا بریک ڈاو¿ن ایک حقیقت ہے تاہم اس کے باوجود ہمیں سسٹم کو فعال رکھنا ہے ،لہذا بجلی نہ ہونے کی صورت میں ڈیزل سے جنریٹر چلا کر پمپنگ مکمل کی جائے ،انہوں نے چیف انجینئر (E&M) کو ہدایت کی کہ تمام پمپنگ اسٹیشنز پر ڈیزل پہنچادیا جائے ،دھابیجی ،پپری اور گھارو کے پمپنگ اسٹیشنز کو لازمی رواں رکھنا ہے تاکہ شہر میں پانی کی کمی نہ رہے ، اور ہر زون میں طے شدہ حکمت عملی کے ذریعے پانی فراہم کیا جائے جبکہ فراہمی آب کی روازنہ کی بنیاد پر کارکردگی کو چیک کیا جائے گا خاص طور پر والوز سسٹم کی مانیٹرنگ ضروری ہے ،انہوں نے ڈی ایم ڈی ٹیکنکل سروسز کو ہدایت کی کہ وہ خود اس کی سختی سے نگرانی کریں تاکہ اگر کسی بھی جگہ کسی بھی وجہ سے پانی کی کمی کا مسئلہ درپیش ہو تو اس کا فوری ازالہ کیا جاسکے ،ایم ڈی واٹر بورڈ نے کہا کہ میں خود بھی تعطیلات کے دوران معمول کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کروں گا اور فراہمی ونکاسی آب کے سسٹم کا ازخود بھی معائنہ کروں گا ،میں تمام افسران وفیلڈ اسٹاف کو متحرک دیکھنا چاہتا ہوں مجھے یقین ہے کہ ہم سب اور تمام محکمے باہمی تعاون کو فروغ دیں گے اور واٹر بورڈ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں گے ، انہوں نے کہا کہ واٹر بورڈ شہر یوں کو پانی فراہم کرتا ہے جو ہر انسان کی بنیادی ضرورت ہے ،لہذا محدود وسائل کو بنیاد نہ بنایا جائے بلکہ ایسے عملی اقدامات کریں کہ مسائل حل ہوں جبکہ انتہائی ضروری کاموں کے لئے مالی وسائل ضرورت کے مطابق فراہم کئے جارہے ہیں ،یہ ہمارا ادارہ ہے ہم سب کو مل کر اس کو چلانا ہے ،اور لوگوں کو فراہمی ونکاسی آب کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ،انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر بلدیات سندھ وچیئرمین واٹر بورڈ سید اویس مظفر ،رکن سندھ اسمبلی وائس چیئرمین واٹر بورڈ کی بھی یہی ہدایات ہیں ،کہ ہر حال میں فراہمی ونکاسی آب کے سسٹم کو متحرک اور فعال رکھنا ہے ،نہ صرف شہر بلکہ Tail end علاقوں میں پانی کی فراہمی کو بھی اپنی ترجیحات کا حصہ بنانا ہے ،انہوں نے کہا کہ واٹر بورڈ اپنے وسیع سسٹم کے باعث اہم ادارہ ہے اور 2کروڑسے زائد شہر کو سہولیات فراہم کرتا ہے ،شہر کے ہر فرد کے لئے اس کی اہمیت ناگزیر ہے ،لہذا ہمیں اس امیج کو مزید بہتر بنانا ہے ۔

مزید :

علاقائی -