مذہبی سیاسی جماعتوں کے کھال کولیکشن پوائنٹس پر پابندی لگادی ، شجاع خانزادہ
لاہور ( خبرنگار ) وزیر تحفظ ماحولیات پنجاب وچیئرمین پولیس ریفارمز کمیٹی کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کے موقعے پرکسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی ہائی الرٹ اور سیاسی ومذہبی جماعتوں سمیت ہر کسی کے ”کھال کو لیکشن پوائنٹس “ لگانے پرپابندی عائد کر دی گئی ہے۔عید سے ایک روز قبل اور عید کے دن لا ءاینڈآرڈر کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے صوبے بھر میں 8 سے 10 ہزار سکیورٹی اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔انہوں نے یہ بات عیدالاضحی کے موقع پر سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے مذہبی سیاسی جماعتوں اور فلاحی تنظیموں کی جانب سے سڑکوں کے کنارے قربانی کی کھالوں کو جمع کرنے کے لئے لگائے جانے والے پوائنٹس پر حکومت پنجاب نے پابندی عائد کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید سے قبل اور عید پر دہشت گردی کے واقعات رونما ہو سکتے ہیں جس سے نمٹنے کے لئے لاہور سمیت پنجاب بھر میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ مساجد اور عید گاہوںمیں سی سی ٹی وی کیمرے اور واک تھرو گیٹس نصب کئے جائیں گے اور ہر شخص کو مکمل چیکنگ کے بعد داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر وہ اپنے ارد گرد کوئی مشکوک شخص یا چیز دیکھیں تو 15 پر اطلاع دیں تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔