فوجی قیادت کا احسن اقدام

فوجی قیادت کا احسن اقدام

مکرمی! آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے فاٹا کے ایک ہزار نوجوانوں کو چھ ماہ میں فوج میں بھرتی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جنرل راحیل شریف کے عیدین اور دیگر تہوار اگلے مورچوں میں موجود فوجیوں کے ساتھ منانے سے فوج کا مورال بلند ہوا ہے۔ اس نازک موقعے پر اس کی ضرورت بھی ہے۔ فاٹا کے ایک ہزار نوجوانوں کی فوج میں بھرتی کا اعلان خوش آئند ہے۔ اس سے جہاں علاقے میں بیروزگاری کم ہو گی، وہاں یہاں کے لوگوں میں قومی دھارے میں شامل ہونے کا احساس بھی پیدا ہو گا۔ یہ سلسلہ یہاں پر ختم نہیں ہونا چاہئے، بلکہ حکومت پر اب یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے ان علاقوں میں معاشی وسائل پیدا کرے۔ اس سلسلے میں ان علاقوں میں چھوٹی گھریلو صنعتیں قائم کی جائیں اور دیگر صنعتوں کے قیام کو عمل میں لانے کے لئے مقامی سطح پر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہاں کے مقامی لوگوں اور خاص طور پر نوجوانوں کی مصروفیات کو مثبت سمت میں ڈھالا جائے۔ اس ضمن میں فوج کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی عوام کے اس احسن اقدام کو سراہتے ہوئے مکمل طور پر تعاون کرنا چاہئے تاکہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکا جائے اور پاکستان کے مستقبل کو روشن اور تابناک بنایا جائے۔

 (محمد ضیاءآفتاب، نیو گارڈن ٹاﺅن، لاہور)

مزید : اداریہ