بھارت آئندہ برس ایشین کپ ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا

بھارت آئندہ برس ایشین کپ ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا

نئی دہلی (سپورٹس ڈیسک) بھارت آئندہ برس ایشین کپ ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا۔ میگا ایونٹ میں دنیائے ٹیبل ٹینس کے نامور کھلاڑی ٹائٹل کے حصول کیلئے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔ بھارت نے اس سے قبل آخری بار 2005ءمیں میگا ٹورنامنٹ کی میزبانی کی تھی۔ ٹیبل ٹینس فیڈریشن آف انڈیا کے سیکرٹری جنرل دھنراج چوہدری نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ جنوبی کوریا میں منعقدہ سترہویں ایشین گیمز کے دوران ایشین ٹیبل ٹینس یونین نے اپنے ایگزیکٹو اجلاس میں بھارت کو میگا ٹورنامنٹ کی میزبانی سونپی۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں مینز اینڈ ویمنز سنگلز ایونٹس میں 16، 16 کھلاڑی ٹائٹل کے حصول کیلئے قسمت آزمائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میگا گیمز کی میزبانی کیلئے کولکتہ، دہلی، جے پور اور بنگلور شہر امیدوار ہیں، حتمی شہر کا فیصلہ آئندہ ماہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ایونٹ مارچ میں منعقد ہو گا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی