ملتان میں تحریک انصاف انتشار کا شکار ہوگئی، ضلعی صدر کا پریس کانفرنس کا بائیکاٹ

ملتان میں تحریک انصاف انتشار کا شکار ہوگئی، ضلعی صدر کا پریس کانفرنس کا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 ملتان(اے این این) تحریک انصاف سانحہ کے بعد ملتان میں انتشار کا شکار، ضلعی صدر نے عمران خان کی پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان نے پارٹی ایم پی اے ظہیر الدین علی زئی کے گھر پر سانحہ ملتان سے متعلق پریس کانفرنس کی جس میں پارٹی کے ضلعی صدر اعجاز احمد جنجوعہ نے شرکت نہیں کی۔ اعجاز جنجوعہ کے مطابق عمران خان کی پریس کانفرنس کیلئے ضلعی تنظیم کے عہدیداران کو مدعو نہیں کیا گیا تھا جس کے باعث انہوں نے پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کیا ۔ نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان کی پریس کانفرنس کے دوران اعجاز جنجوعہ کی کرسی نہیں رکھی گئی تھی جس کی وجہ سانحہ ملتان پر تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بننے اور شاہ محمود قریشی کے ساتھ اعجاز جنجوعہ کے اختلافات ہیں۔ گزشتہ روز شاہ محمود قریشی کے زیر صدارت اجلاس میں اعجاز جنجوعہ نے خود پر ہونے والی تنقید پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے قربانی کا بکرا بنایا جارہا ہے حالانکہ سیکورٹی کے انتظامات شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے محمود حسین قریشی اور ان کی روحانی غوثیہ جماعت کے پاس تھے۔ اعجاز جنجوعہ تعزیت کیلئے کارکنان کے گھر جانے والے وفد میں بھی نہیں تھے اس کے باوجود وہ پریس کانفرنس میں گئے لیکن اسٹیج پر کرسی نہ ملنے کے باعث واپس چلے گئے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اعجاز جنجوعہ نے کہا کہ میں نے پریس کانفرنس کا بائیکاٹ ضرور کیا ہے لیکن پارٹی کا منتخب صدر ہوں عہدے سے مستعفی نہیں ہوں گا۔ انہوں نے کہاکہ میں نے ضلعی انتظامیہ سے معاہدہ بھی شاہ محمود قریشی کی مشاورت سے کیا تھا ڈی سی او کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کی تفصیلات سے بھی شاہ محمود قریشی کو باقاعدہ آگاہ کرتا رہا۔

مزید :

صفحہ اول -