ملک گیر تحریک چلانے کیلئے صف بندی کررہے ہیں،صاحبزادہ زبیر

ملک گیر تحریک چلانے کیلئے صف بندی کررہے ہیں،صاحبزادہ زبیر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جمعیت علماءپاکستان (نورانی) کے سربراہ ڈاکٹرصاحبزادہ ابوالخیرمحمدزبیر نے کہاہے کہ دھرنادینے والوں کے مسائل کو سنناچاہئے ،طریق کار سے اختلاف ہوسکتاہے لیکن ان کے مطالبات میں اکثر قابل غورہیں،PTIکے جلسے میں 7افرادکی ہلاکت پر افسوس ہے اس طرح کے واقعات سے بچنے کے لئے جلسوں کے منتظمین اور سرکاری انتظامیہ مربوط حکمت عملی اپنائیں۔موجودہ حالات میں ملک گیر تحریک چلانے کے لئے صف بندی کررہے ہیں، جے یوپی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے جائیں گے۔یہ باتےں انہوں نے کراچی میں جے یوپی سندھ کے ناظم اعلیٰ علامہ السید عقیل انجم قادری سے ٹےلیفون پر گفتگوکرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے کہاکہ جے یوپی علماءمشائخ، وکلاءومزدوررہنماﺅں،طلباءاوراہل فکرودانش سے رابطے کررہی ہے اور عنقریب ملکی مسائل کے حل کے لئے اپنے لائحہءعمل کااعلان کرے گی۔اس سلسلے میں صف بندی کا آغازکردیاہے ،ملک میں نظام مصطفےٰ ؑﷺ کا نفاذ ہماری منزل ہے۔صاحبزادہ ابوالخیرمحمدزبیرنے اپنی گفتگومیں کہاکہ بھارتی جارحیت خطے میں امن کی کوششوں کو نقصان پہنچانے کا انتہاپسندانہ ایجنڈاہے، جس کے خلاف پوری قوم سیاسی سماجی اور مذہبی جماعتےں اور رہنماآپس کے اختلافات کے باوجودمتحد ہیں،لہٰذاہندوستان کسی بھول میں نہ رہے۔انہوںنے سیالکوٹ سیکٹر میںبھارتی فوج کی بلااشتعال فوجی جارحیت کو ہندو انتہا پسندی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان کا ازلی دشمن ہے ا س نے کبھی بھی پاکستان کو دل سے قبول نہیں کیا ،یہی وجہ ہے کہ وہ کبھی پاکستان کا پانی بند کرکے وطن عزیز کو بنجر کرنے کے فارمولے پر عمل کرتا ہے تو کبھی آبی جارحیت کر کے سیلابی پانی کا رخ پاکستان کی طرف موڑدیتا ہے ، کبھی کشمیر میں توکبھی سیالکوٹ ،گلیشئراور پاکستان کے دیگر سرحدی علاقوں پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کرکے معصوم بے گناہ پاکستانیوںکونشانہ بناتا ہے انہوں نے کہاکہ افسوس بھارتی جارحیت پر اقوام عالم اورUNOکی خاموشی سوالیہ نشان ہے پاکستانی عوام ان سے یہ پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ بھارتی جارحیت پر اقوام عالم خاموش تماشائی کا کردارکیوں ادا کرتی ہےں، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف بھارتی جارحیت کامنہ توڑ جواب دیں یہ وقت محبت کی پینگیں بڑھانے کا نہیں بلکہ عالمی فورم پر بھارت کے مکروہ عزائم کو بے نقاب کرنے کا ہے جو پاکستان کو تر نوالہ سمجھ کر ہڑپ کرنا چاہتا ہے، انہوں نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے والی پاکستانی سیکورٹی فورسز کی جوابی کاروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک افواج نے ہر مشکل گھڑی میں وطن عزیز کے دفاع کےلئے اپنے فرائض منصبی پیشہ وارانہ مہارت سے انجام دئیے ہیں جو پوری قوم کےلئے فخر کا باعث ہیں انہوں نے پاکستان کی تمام محب وطن جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ ملک کی سالمیت بقاءاور استحکام کےلئے میدان عمل میں نکلیں ،جمعیت علماءپاکستان وطن عزیز کے دفاع کےلئے ہر فورم پربھرپور کردار ادا کرے گی ۔اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے جمعیت علماءپاکستان صوبہ سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ السید عقیل انجم قادری نے بھارتی جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہپاکستانی قوم متحد ہے بھارت نے پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش بھی کی تو عوام سر سے کفن باندھ کر ارض وطن کا دفاع کریں گے۔ انہوں نے جمعیت علماءپاکستان صوبہ سندھ کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ صوبے میں عہدےداران اور کارکنان متحرک ہیں اور قائدین کے حکم پر لبیک کہنے کے لئے تےارہیں۔

مزید : صفحہ آخر