سمندری طوفان ہد ہد بھارت کے شمالی ساحلوں سے ٹکرا گیا،6افراد ہلاک

سمندری طوفان ہد ہد بھارت کے شمالی ساحلوں سے ٹکرا گیا،6افراد ہلاک

                                                نئی دہلی (خصوصی رپورٹ )خلیج بنگال سے اٹھنے والا سمندری طوفان” ہدہد“ بھارت کے شمالی ساحلوں سے ٹکرا گیا جس سے شدید نقصان ہوا ہے اور تقریبا تین لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ، آندھرا پردیش میں ابتدائی طورپر6 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی ۔میڈیارپورٹ کے مطابق اتوارکو وشاھاپٹنم کے ساحلی علاقوں سے گزرتے ہوئے اس طوفان میں 205 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے تیز ہوائیں چلیں اور اس کے ساتھ بارش بھی شروع ہوگئی ۔ اس دوران ریاست آندھراپردیش اور اڑیسہ میں سینکڑوں درخت جڑ سے اکھڑ گئے اور بجلی کے تار زین پر آگرے جس سے بجلی گل ہو گئی۔ خدشہ ہے کہ طوفان سے اونچی لہریں اٹھیں گی اور نچلے علاقے سیلاب کی زد میں آ جائیں گے۔دونوں ریاستوں میں سینکڑوں ریلیف کیمپ لگا دیے گئے ہیں۔ بھارت میں قومی آفات سے نمٹنے کے محکمے این ڈی آر ایف کے مطابق آندھر پردیش کے علاقے شریالم اور وشاھاپٹنم میں درخت کے نیچے دبنے سے تین افراد مارے گئے ہیں۔ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے بحریہ کوالرٹ رکھاگیا۔ریاست اڑیسہ میں حکام نے کہا ہے کہ مزید تین لاکھ لوگوں کو محفوظ مقامات پر جانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ1999 میں اڑیسہ میں آنے والے سپر سائیکلون سے دس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ گذشتہ اکتوبر میں اڑیسہ اور آندھرا پردیش سے گزرنے والے پہلِن طوفان کے پیشِ نظر پانچ لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا تھا۔ بھارت کے شمالی ساحل اور بنگلہ دیش میں اپریل سے نومبر کے درمیان سمندری طوفان آتے رہتے ہیں جس سے بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہوتا ہے۔ اس طوفان کی زد میں جو ریاستیں آنے والی ہیں وہاں امدادی ٹیموں کو روانہ کر دیا گیا ہے۔

ہدہدطوفان

مزید : صفحہ آخر