امریکی راز فاش کرنیوالے سنوڈن کی دوست بھی ماسکو پہنچ گئیں
ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) محبت توآخر محبت ہے ، امریکہ کے خفیہ راز افشا کرنے والے ایڈورڈ سنوڈن کی دوست امریکہ رقاصہ لنزی ملز ملنے کے لیے ماسکو پہنچ گئی ہے جس کا انکشاف ایڈورڈسنوڈن کے وکیل نے کیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایڈورڈ سنوڈن پر مبنی دستاویزی فلم میں پہلی بار یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان کی دیرینہ دوست ماسکو میںجولائی سے ان کے ساتھ ہے جس کی تصدیق سنوڈن کے وکیل اناتولی نے بھی کردی ۔
اُنہوں نے بتایاکہ وہ جب بھی یہاں آتی ہیں ان کے ساتھ رہتی ہیں،ایڈورڈ کے لیے اخلاقی ہمدردی بہت ضروری ہے، ویزے کی وجہ سے ملز ماسکو میں مستقل طور پر نہیں رہتی تاہم وہ یہاں آتی رہتی ہیں۔
اس سے قبل امریکہ سے مفرور سنوڈن کو گذشتہ سال اگست میں روس نے پناہ دی تھی لیکن امریکہ نے ان کی سفری دستاویزات منسوخ کر دی تھیں۔
31 سالہ ایڈورڈ سنوڈن پہلے اپنی لنزی ملز کے ساتھ امریکی ریاست ہوائی میں رہتے تھے اور اب یہ دونوں روس کی سیر میں مشغول ہیں۔
ایڈورڈ سنوڈن امریکی حکومت کی طرف سے لوگوں کی نگرانی کرنے کے خفیہ پروگرام ’پرِزم‘ کی تفصیلات سامنے لانے کے الزام میں امریکی حکام کو مطلوب ہیں جہاں سنوڈن پر سرکاری مواد چرانے، بغیر اجازت دفاعی معلومات فراہم کرنے اور خفیہ معلومات دانستہ افشا کرنے کے الزامات ہیں۔