پہلا ٹیسٹ :کالی آندھی نے بھارت کیخلاف 295 رنز بنالئے
حیدرآباد (اے پی پی) روسٹن چیسی اور جیسن ہولڈر کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز نے بھارت کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی اپنی پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 295 رنز بنالئے۔ روسٹن چیسی ناقابل شکست 98 رنز بنائے، کپتان جیسن ہولڈر 52، ہوپ 36 اور ڈاروچ 30 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ روسٹن چیسی اور کپتان جیسن ہولڈر نے ساتویں وکٹ پر 104 رنز کی شراکت داری قائم کر کے ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنادی۔ بھارت کی طرف سے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کلدیپ یادیو اور یومیش یادیو نے 3,3 جبکہ روی چندرن ایشون نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جمعہ کو دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شروع ہوا تو ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے کریگ براتھویٹ اور کیرن پاؤل نے اننگز کا آغاز کیا جو کچھ خاص نہ تھا، کیرن پاؤل ویسٹ انڈیز کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 22 رنز بناکر روی چندرن ایشون کی گیند پر جدیجہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ کریگ براتھویٹ دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 14 رنز بناکر کلدیپ یادیو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ شائی ہوپ ویسٹ انڈیز کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 36 رنز بناکر یومیش یادیو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے، شمرون ہیٹمیر چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 12 رنز بناکر کلدیپ یادیو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے، اس وقت ویسٹ انڈیز کو مجموعی سکور 4 وکٹوں کے نقصان پر 92 رنز تھا۔ سنیل امبرس پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 18 رنز بناکر کلدیپ یادیو کی گیند پر جدیجہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ شین ڈراوچ چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 30 رنز بناکر یومیش یادیو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ اس دوران روسٹن چیسی نے اپنا محتاط انداز میں بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور نصف سنچری مکمل کرلی۔ انہوں نے کپتان جیسن ہولڈر کے ساتھ ملکر ساتویں وکٹ پر 104 رنز کی شراکت داری قائم کر کے ٹیم کو مجموعی سکور 6 وکٹوں کے نقصان پر 286 رنز تک پہنچا دیا۔ اس دوران جیسن ہولڈر نے بھی اپنی نصف سنچری مکمل کرلی تھی۔ اس موقع پر جیسن ہولڈر بھی 52 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ۔
وہ ویسٹ انڈیز کے ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے۔ میچ کے پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 295 رنز بنالئے تھے۔ روسٹن چیسی 98 اور بیشو 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔ بھارت کی طرف سے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کلدیپ یادیو اور یومیش یادیو نے 3,3 جبکہ روی چندرن ایشون نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔