فنکارقوم کا قیمتی اثاثہ اور امن کے سفیر ہیں، فیاض الحسن چوہان

فنکارقوم کا قیمتی اثاثہ اور امن کے سفیر ہیں، فیاض الحسن چوہان

لاہور( جنرل رپورٹر )پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ فنکار ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ اور امن کے سفیر ہیں جنہیں ان کی فنکارانہ صلاحتوں کے اظہار کے بھر پور مواقع فراہم کرنے اوران کی فلاح و بہبود ،خوشحالی اور ترقی کی لیے صوبائی حکومت جامع پلان مرتب کر رہی ہے۔انہوں نے یہ بات راولپنڈی آرٹس کونسل میں مقامی فنکاروں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈائریکٹر آرٹس کونسل وقاراحمد ،ڈائریکٹر محکمہ تعلقات عامہ راولپنڈی حامد جاوید اعوان اور ڈپٹی ڈائریکٹر راولپنڈی آرٹس کونسل سجاد احمد بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ راولپنڈی کے آرٹسٹوں نے نا مناسب حالات اور نا کافی سہولیات کے باوجود اعلی کارکردگی کا مظاہر کیا ہے اور ثقافتی سرگرمیوں میں بھر پور حصہ لے کر عوام کو بہتر ین تفریحی سہولیات کے مواقع فراہم کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آرٹسٹوں کے لیے پنجاب کے 8کروڑ روپے بجٹ کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے گا اور مثبت سوچ ،جاندار موضوع بہترین ڈائریکشن اور پرڈکشن سے ایسے ڈرامے ،ٹیلی فلمز اور پروگرام تیا ر کریں جن سے شہریوں کو اعلی معیار کی تفریح میسر آئے اور فنکاروں کو زیادہ سے زیادہ کام کرنے کا موقع مل سکیں۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ صوبائی سطح پر آرٹسٹوں کا ڈیٹا مرتب کیا جائے گا اوران کی اہلیت اور کارگردی کی بنیاد پر انہیں مناسب سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام آرٹسٹوں سے تجاویز طلب کی جارہی ہیں اور وہ خود تمام آرٹسٹوں سے ملاقات کر کے ان کی تجاویز حاصل کر رہے ہیں تاکہ صوبے میں ثقافتی شعبہ کو جدید بنیادوں پر استوار کر کے ترقی دی جاسکے اور ایسا کلچر متعارف کر ایا جا ئے جس میں آرٹسٹوں کو اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل سکے۔

مزید : کلچر