پنجاب کے بارانی علاقوں میں گندم کی پیداوار 11.5 ملین ٹن سے تجاوز

پنجاب کے بارانی علاقوں میں گندم کی پیداوار 11.5 ملین ٹن سے تجاوز

فیصل آباد (بیورورپورٹ) پنجاب کے بارانی علاقوں اٹک ،راولپنڈی، جہلم، چکوال، خوشاب ،بھکر ،میانوالی اور جھنگ وغیرہ میں گندم کا زیر کاشتہ رقبہ 16لاکھ ایکڑ اور پیداوار 11.5ملین ٹن سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ بارانی علاقوں کے کاشتکاروں کو بمپر کراپ کے حصول کیلئے گندم کی کاشت 15اکتوبر سے 15نومبر تک مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے اورکہاگیاہے کہ چکوال50بارانی علاقوں کے لیے گندم کی منظور شدہ قسم ہے جس کا وقت کاشت15اکتوبر سے15نومبر تک ہے جبکہ دیگر منظور شدہ اقسام میں این اے آر سی 2009، بارس2009، دھرابی 2011اور پاکستان 2013 وغیرہ شامل ہیں جن کا وقت کاشت 20اکتوبر سے 15نومبر تک ہے ۔ماہرین زراعت نے بتایاکہ گندم کی قسم چکوال50 کُنگھی کے خلاف قوت مدافعت اور زیادہ شگوفے بنانے کے ساتھ نا موافق حالات کو برداشت کرنے کی بہترین صلاحیت رکھتی ہے ۔انہوں نے بتایاکہ خادم پنجاب کی ہدایت پر شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب کاشتکاروں کو گندم کی زیادہ پیداوار کے حصول کے لیے ترقی دادہ قسم چکوال 50کے کُنگھی سے محفوظ بیج کے 10ہزار تھیلوں کی مفت فراہمی شروع کر دی گئی ہے لہٰذا کاشتکار چکوال 50کی فصل سے حاصل شدہ پیداوار کو غلہ کی صورت میں گاؤں کے دوسرے ساتھی کاشتکاروں کو فروخت کر کے پورے گاؤں میں اچھی فصل کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب کے بارانی علاقوں کے کاشتکارگندم کی 15نومبر تک کاشت کے لیے 50کلو گرام بیج فی ایکڑ رکھیں اور گندم کی کاشت کے لیے ڈرل کا استعمال کریں۔انہوں نے کہاکہ ڈرل استعمال کرنے کے دوران اس بات کا خاص خیال رکھاجائے کہ ڈرل کی کوئی پور بند نہ ہو۔

مزید : کامرس