نئی گندم خریداری جلد پالیسی کا اعلان ، ملاوٹ مافیا کو نہیں چھوڑیں گے : صوبائی وزیر خوراک

نئی گندم خریداری جلد پالیسی کا اعلان ، ملاوٹ مافیا کو نہیں چھوڑیں گے : صوبائی ...

ڈیرہ غازیخان(نمائند ہ خصوصی )صوبائی وزیر خوراک پنجاب سمیع اللہ چودھری ٹیم کے ہمراہ دو روزہ دورے پر ڈیرہ غازیخان پہنچے . سرکٹ ہاوس میں ڈویژن بھر کے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر(بقیہ نمبر24صفحہ7پر )

او ر دیگر افسران کا اجلاس طلب کیا. اس موقع پرمشیر صحت وزیر اعلی پنجاب محمد حنیف خان پتافی ، ایم پی اے سردار احمد علی دریشک ، ایڈیشنل سیکرٹری فوڈ مستجاب احمد کرامت ، ڈائریکٹر فوڈ ظفر اقبال شاکر،ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ شیخ عبدالروف ، ڈیرہ ، راجن پو ر، مظفرگڑھ او رلیہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر بالترتیب چودھری ذوالفقار احمد ، میاں پرویز افضل ، ملک ممتاز احمد او رزاہد پرویز کے علاوہ دیگر افسران شریک تھے. اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چودھری نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار محمد عثمان خان بزدار کے وژن کے مطابق صوبہ میں گندم کے ذخیرہ کے پرانے طریقہ کار کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے حامل سیلوز میں تبدیل کیا جائے گا اور آج کا دورہ اسی سلسلے کی کڑی ہے . انہوں نے کہاکہ سیلوز میں بین الاقوامی اور ایکسپورٹ کوالٹی اورزیادہ مقدار میں گندم ذخیرہ ہو سکے گی اور گندم کے خراب ہونے کے خدشات نہ ہونے کے برابر ہوتے ہیں . انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ سیلاب کے خطرات کے حامل علاقوں میں گندم کی محفوظ منتقلی کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں متعلقہ افسران سفارشات بھجوائیں . میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہاکہ مانہ احمدانی میں سیلوز کی تکمیل اور فنکشنل ہونے میں غیرضروری تاخیر سے منصوبہ کی لاگت 26کروڑ روپے سے بڑھ کر 32کروڑ روپے تک پہنچی . منصوبہ کو فنکشنل نہ کرانے کی تحقیقات کی جائیں گی . بدنیتی یا بدعنوانی ثابت ہونے پر متعلقہ افسران کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے سفارش کی جائے گی. انہوں نے کہا کہ منصوبہ کو فنکشنل کرنے میں مزید تاخیر نہیں کی جائے گی. ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے جن کی نگرانی میں مانہ احمدانی کے سیلوز کو ٹیسٹ رن کے طور پر چلایا جائے گا. محکمہ بلڈنگز کو ضروری تیاری او رمشینری کی تبدیلی کیلئے 20دن کاوقت دیاگیا ہے . صوبائی وزیرنے کہاکہ حکوت پنجاب نئی گندم خریداری پالیسی کیلئے مشاورت کررہی ہے جلد پالیسی کا اعلان کر دیا جائے گا. انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مانہ احمدانی اور کوٹلہ عیسن میں سیلوز قائم ہیں . بکھر میں پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سیلوز تعمیر کیا جا رہا ہے جسے سات آٹھ ماہ کے اندر مکمل کر لیا جائے گا. صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب فوڈاتھارٹی صوبہ بھر میں ملاوٹ مافیا کے خلاف باقاعدہ طریقہ کار اور ایس او پی کے تحت بلاامتیاز کارروائی کررہی ہے . ملاوٹ اور انسانی جانوں کے ساتھ کھیلنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی. پنجاب میں ہر شخص تک معیاری اشیاء کی فراہمی ممکن بنانے تک کارروائی جاری رہے گی . انہوں نے کہاکہ ملاوٹ سے پاک اشیائے خوردونوش کی دستیابی کیلئے ہر فرد حکومت او رانتظامیہ کا دست و بازو بنے . صوبائی وزیر نے کہاکہ پارلیمانی کمیٹی نے تین ڈویژن پر مشتمل صوبہ کی سفارشات تیار کی ہیں اور ملتان ، بہاولپور اور ڈیرہ غازیخان ڈویژن پر مشتمل صوبہ بننا چاہیئے. انہوں نے کہاکہ سرائیکی صوبہ کی مخالفت کرنے والی جماعت سیاست نہیں کر سکے گی . جنوبی پنجاب صوبہ کیلئے اعلی سطحی کمیٹی بنائی گئی جس میں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار ، شاہ محمو د قریشی او رخسرو بختیار شامل ہیں . اس کمیٹی کے نیچے سب کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے اور آج بھی اسی حوالے سے ملاقاتیں کی جائیں گی. انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے خطہ کو جنوبی پنجاب کی بجائے پورا صوبہ دے دیاہے اور پہلی مرتبہ متوسط طبقہ کو وزارت اعلی کا منصب ملا ہے او راس تجربہ کو کامیاب کرنے کیلئے سب کو کردار ادا کرنا چاہئیے . صوبائی وزیر نے مانہ احمدانی کا بھی دورہ کیا . اس موقع پر ایس ای بلڈنگز حافظ جاوید اقبال ، ایکسیئن ہمایوں مسرور کے علاوہ پی اینڈ ڈویلپمنٹ ، نیسپاک اوردیگر محکموں کے افسران سے سیلوز کو فنکشنل کرنے کے حوالے سے بریفنگ لی . صوبائی وزیر نے سیلوز کی مشینری کی ٹیسٹ رننگ اور سامنے آنے والی خامیوں کو دور کرنے کی ہدایات جاری کیں جس کیلئے باقاعدہ ٹائم لائن دی گئی . علاوہ ازیں صوبائی وزیر خوراک نے رات گئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کے ہمراہ ریسٹورینٹ اور ریفریشمنٹ سنٹرز کی چیکنگ کی . فوڈ پوائنٹس پر کھانوں کے معیار او ر صفائی کا جائزہ لیا. ایم پی اے سردار احمد علی دریشک بھی ہمراہ تھے. ریسٹورینٹ میں غیرمعیاری آئل استعمال کرنے پر جرمانے کیے گئے. انہو ں نے کہاکہ فوڈ پوائنٹس پر غیر معیاری اشیاء کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

سمیع اللہ چوہدری

مزید : ملتان صفحہ آخر