ماڈل ہاؤسنگ انکلیو کے متاثرین میں ملزمان سے بر آمد 13کروڑ ، 80لاکھ کے چیک تقسیم
لاہور(کر ائم رپورٹر)لاہور میں ماڈل ہاؤسنگ انکلیو کے 180 متاثرین میں ملزمان سے برآمد 13 کروڑ80لاکھ روپے مالیت کے چیک تقسیم کر نے کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور شہزاد سلیم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی نیب لاہور نے کہا کہ چیئر مین نیب جسٹس جاوید اقبال کی ہدایات کے مطابق ہاؤسنگ سیکٹر میں ہونے والے فراڈ کے متاثرین کو مالی نقصانات کے فوری ازالہ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔ نیب لاہور کیجانب سے مئی 2018میں ماڈل ہاؤسنگ انکلیو کے190متاثرین میں 24کروڑروپے تقسیم کئے گئے تھے تاہم اس تقریب کے ذریعے دیگرمتاثرین میں13 کروڑ 80 لاکھ روپے تقسیم کئے جارہے ہیں۔ مکان و پلاٹ خریدتے وقت تمام ضروری کاغذات کو نا صرف چیک کریں بلکہ باقاعدہ تصدیق بھی کروائیں۔
کیونکہ آجکل پراپرٹی ڈیلرز کی جانب سے عوام کو ہاؤسنگ سوسائٹیز کے جو نقشے دکھائے جاتے ہیں وہ اکثر منظور شدہ نہیں ہوتے۔ شہزاد سلیم نے کہا کہ نیب کیجانب سے ماڈل ہاؤسنگ انکلیو کے مالکان کے خلاف بارہا اشتہارات جاری کرنیکے باوجود متاثرین کی اکثریت نیب لاہور سے رابطہ نہیں کر رہی تھی جبکہ متاثرین نے اعتماد کا اظہار ان لٹیروں پر کیا جس سے متاثرین کو ہی مزید نقصان اٹھانا پڑا۔ نیب لاہور کیجانب سے مرکزی ملزم کے خطیر مالیت کے اثاثہ جات کو ضبط کر لیا گیا ہے جن کی فروخت کے بعد عنقریب مزید متاثرین کوانکی رقوم واپس لوٹائی جائینگی۔ڈی جی نیب لاہور کا اس موقع پر مزید کہنا کہ نیب کے افسران دن رات محنت کر رہے ہیں تاکہ عوام کو انکی لوٹی گئی رقوم ملزمان سے جلد از جلد برآمد کروا کر انہیں واپس لوٹائی جاسکے۔تقریب کے اختتام پر متاثرین کو برآمد شدہ رقوم کے چیک حوالے کئے گئے۔