پنجاب میں جدید زچہ بچہ ہسپتال ، فاطمہ جناح یونیورسٹی کا نیا کیمپس بنانے کا فیصلہ

پنجاب میں جدید زچہ بچہ ہسپتال ، فاطمہ جناح یونیورسٹی کا نیا کیمپس بنانے کا ...

لاہور(لیڈی رپورٹر )وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ ماں بچہ ہسپتال، فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے نئے کیمپس کے قیام اور 26پوسٹ گریجویٹ پروگراموں کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں پہلی بار سرکاری سطح پر ڈاکٹروں اور نرسوں کیلئے پوسٹ گریجویٹ کلاسز کا اجراء کیا جائیگا، فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی (ایف جے ایم یو) کے سنڈیکیٹ اجلاس کی بطور پروچانسلر صدارت اور بعدازاں میڈیا بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ شاہدرہ ہسپتال میں ایف جے ایم یو کی زیر نگرانی فوری طور 200 نرسوں اور 46 اینستھیزیا ٹیکنالوجسٹس کیلئے تربیتی پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، انہوں نے بتایا کہ ایف جے ایم یو اپنے مالی وسائل سے نئے کیمپس کیلئے اراضی خریدے گا، انہوں نے کہا کہ گنگارام ہسپتال میں وائس چانسلر ایف جے ایم یو پروفیسر عامر زمان کی خصوصی کاوش سے یہاں 2 نئے لیبر رومز قائم کئے جارہے ہیں ۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے پروچانسلر کا عہدہ ختم کرنے کے سوال پر کہا کہ اس بارے میں کمیٹی تجاویز تیار کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے پاس دسمبر تک کیلئے ادویات کا وافر سٹاک موجود ہے جبکہ نئی ادویات کی خریداری کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے، انہوں نے بعض حلقوں کی طرف سے زائد المیعاد ادویات کا تاثر مسترد کردیا ایف جے ایم یو اور گنگا رام ہسپتال کے ایڈہاک ملازمین کو کنٹریکٹ پر منتقل کرکے انہیں ریگولر کیا جائیگا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1