متحدہ مجلس عمل ضمنی الیکشن میں (ن)لیگ کے امیدواروں کو ووٹ دے گی، اعجاز ہاشمی

متحدہ مجلس عمل ضمنی الیکشن میں (ن)لیگ کے امیدواروں کو ووٹ دے گی، اعجاز ہاشمی

لاہور ( لیڈی رپورٹر ) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر ایم ایم اے پیر اعجاز ہاشمی نے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل کل اتوار کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ نواز کے امیدواروں کو ووٹ دے گی۔ یہ حمایت صرف حلقہ این اے 131 کے امیدوار خواجہ سعد رفیق کے لیے ہی نہیں، بلکہ این اے 124 میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں سیف الملوک کھوکھر اور شوکت سہیل بٹ کے لئے بھی ہے ۔ کارکن بھر پورجدوجہد سے ووٹرز کو پولنگ اسٹیشنوں پر لائیں اورووٹ ڈلوائیں ۔

جے یو پی لاہور کے صدر مقبول حسین بخاری ، جنرل سیکرٹری رانا رحمت علی اور دیگر رہنماوں کو ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے جمہوریت اور سول بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔

متحدہ مجلس عمل کے سربراہی اجلاس کے فیصلے کے مطابق ضمنی انتخابات میں جہاں ایم ایم اے کے امیدوار نہیں، وہاں اپوزیشن کے امیدواروں کی حمایت کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمران جماعت عوامی مسائل کو سمجھنے اور انہیں حل کرنا کی سیاسی بصیرت سے عاری اور منصوبہ بندی سے نابلد ہے۔ دو ماہ کے اندر ہی حکومت نے مہنگائی کرکے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ مہنگائی کا طوفان برپا ہے اور غریب لوگ حکومت کو بددعائیں دے رہے ہیں۔ تاجر اور متوسط طبقہ بھی پریشان ہے۔خود حکمران جماعت کے ووٹرز کو بھی اندازہ ہوگیا ہے کہ ان کے پاس عوام کو دینے کو کچھ نہیں۔ کرپشن کے خاتمے کا نعرہ لگانے والے ڈالر کی قیمت میں اضافے پر کوئی وجہ پیش نہیں کرسکے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1