ضمنی الیکشن ،اسلحہ کی نمائش پر پابندی خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی،بزدار

ضمنی الیکشن ،اسلحہ کی نمائش پر پابندی خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی،بزدار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ غیر جانبدار اور شفاف ضمنی انتخابات کے انعقاد کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے،پرامن ضمنی انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہوگی اور خلاف ورزی پر قانون حرکت میں آئے گا، جیت کی خوشی میں فائرنگ یا آتش بازی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آنا چاہئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضمنی انتخابات کے موقع پر سکیورٹی انتظامات بارے منعقدہ جائز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت نے پرامن ماحول میں ضمنی الیکشن کے انعقاد کویقینی بنانے کے لئے موثر اقدامات کئے ہیں لہٰذاوضع کردہ سکیورٹی پلان پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور صوبے میں قانون کی حکمرانی یقینی بنانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا جائے۔اجلاس میں وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ صوبے میں قومی اسمبلی کے 8 اور صوبائی اسمبلی کے 11 حلقوں کیلئے 4759 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں اورسکیورٹی کے حوالے سے پولنگ سٹیشوں کی کیٹگریز بنائی گئی ہیں جبکہ 807 حساس پولنگ سٹیشنوں کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں سے ہوگی۔دریں اثناء وفود سے گفتگو کرتے ہوئے مشکل حالات عارضی ہیں، وزیراعظم عمران خان کے دور میں ہی جلد اچھا وقت آئے گا اور تحریک انصاف کی حکومت ملک کو موجودہ مسائل سے نکالے گی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر لوگوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔دریں اثناؤزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے تحریک انصاف آزاد جمو ں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمو دنے ملاقات کی ۔دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پربھارتی ظلم و ستم کی شدید مذمت کی اورکشمیری نوجوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کشمیری عوام کیساتھ یکجہتی کااظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں کشمیری شہریوں کے جائزمسائل حل کیے جائیں گے جبکہ آزاد کشمیر اورپنجاب کو ملانے والی سڑکوں کی تعمیر ومرمت کیلئے فوری اقدامات کریں گے۔آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمودنے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کشمیری عوام کا حق ہے جو انہیں ہر صورت ملنا چاہئے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سے پنجاب کی ہارٹی کلچر اورڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے چےئرمینوں اور چےئر پرسنز نے ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے شہروں کو خوب سے خوب تر بنانے کیلئے انفرادیت کے ساتھ کام کرنا ہے کیونکہ شہریوں کو ہم سے بہت توقعات ہیں اورآپ نے ڈلیورکرکے اپنی نیک نامی میں ا ضافہ کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تسائل اورکوتاہی برتنے والے افسر یا عملے کوعہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں ۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمودالرشید نے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ اتھارٹیز کے بورڈز جلد مکمل کرنے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں گے ۔بعدازاں صوبے میں ثقافتی ،ادبی و علمی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے اقدامات بارے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبہ بھر میں ثقافتی، ادبی و علمی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے جامع حکمت عملی اپنائی جائے اور مقامی فنکاروں کی خصوصی طور پر حوصلہ افزائی کی جائے۔ تناؤ کے ماحول میں ثقافتی ، ادبی و علمی سرگرمیوں کا فروغ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے سیکرٹری اطلاعات و ثقافت کو ہدایت کی کہ وہ صوبہ بھر میں ثقافتی ،ادبی وعلمی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے پلان مرتب کرکے جلد پیش کریں۔

مزید :

صفحہ اول -