وعدوں کی تکمیل میں ٹرمپ نے ریگن کا ریکارڈ توڑ دیا،امریکی میڈیا

وعدوں کی تکمیل میں ٹرمپ نے ریگن کا ریکارڈ توڑ دیا،امریکی میڈیا

واشنگٹن (اظہر زمان، خصوصی رپورٹ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے وعدوں کی تکمیل میں سابقہ صدر آنجہانی ڈونلڈ ریگن کا ریکارڈ توڑ دیا۔ ’’واشنگٹن ایگزیمینر‘‘ میں ’’واشنگٹن سیکرٹس‘‘ کے عنوان سے لکھنے والے کالم نگار پال بیڈرڈ نے امریکہ کے متنازعہ صدر کے بارے میں یہ حیرت انگیز انکشافات کیا ہے۔ ان کے مطابق صدر ٹرمپ کی انتظامیہ نے تقریباً تین سو وعدوں کو عملی صورت دی ہے اور یہ اعزاز اس سے پہلے کسی کے حصے میں نہیں آیا۔ انہوں نے اس سلسلے میں 18 شعبوں میں ان کی 289 کامیابیوں کا ذکر کیا، جن میں ان کا تازہ ترین کارنامہ سپریم کورٹ کے 9ویں جج پریٹ کیوینو کی توثیق ہے۔ کالم نگار کے مطابق صدر ٹرمپ کی سب سے بڑی کامیابی چالیس لاکھ سے زائد ملازمتوں میں اضافہ ہے، جو ان کے انتخابی وعدے کے عین مطابق ہے۔ کالم نگار نے ’’امریکنز فار ٹیکس ریفارمز‘‘ نامی ’’تنظیم کے صدر گروور نار کوئسٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ صدر نے ٹیکسوں اور ضابطوں کی لاگت کم کی ہے اور فوج کی ازسر نو تنظیم کی ہے۔ اس دوران ’’واشنگٹن پوسٹ‘‘ میں سابق صدر جارج ڈبلیو بش کے سابق چیف سپیچ رائٹر مارک تھیسن کا ایک دلچسپ تبصرہ چھپا ہے جنہوں نے لکھا ہے کہ ان پر الزام ہے کہ وہ ہمیشہ جھوٹ بولتے ہیں، لیکن انہیں سب سے زیادہ ایماندار صدر کی حیثیت سے یاد کیا جائے گا، کیونکہ اپنے وعدوں کو جتنا پایہ تکمیل تک انہوں نے پہنچایا ہے وہ کسی اور کے حصے میں نہیں آیا۔ اچھے تھے یا برے تھے لیکن صدر ٹرمپ نے جو بھی وعدے کئے، وہ انہوں نے پورے کر دکھائے۔

ٹرمپ کا ریکارڈ

مزید : صفحہ اول